اوورسیز پاکستانیوں کو تنگ کرنے اور رشوت وصولی میں ملوث سفارتی عملے کے خلاف حکومت کا ایکشن

0

اسلام آباد: اوورسیز پاکستانیوں کو تنگ کرنے اور رشوت وصولی میں ملوث سفارتی عملے کے خلاف حکومت نے ڈنڈا اٹھا لیا ہے، ان افراد کو اب  نوکریوں سے فارغ کرکے گھر بھیجا جائے گا، وزیراعظم عمران خان کے حکم پر پہلا بڑا ایکشن ہوگیا، چھ سفارتکاروں کو فوری طور پر عہدے سے ہٹا دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے دنیا بھر کے پاکستانی سفارتخانوں کو ہدایت کی تھی کہ اوورسیز پاکستانیوں کو عزت کے ساتھ تمام سہولتیں دی جائیں اور ان کے مسائل فوری حل کئے جائیں لیکن برسوں سے بگڑے ہوئے سفارتی عملے میں سے بہت سوں نے خود کو نہ سدھارا، جس کی شکایات اوورسیز پاکستانی وزیراعظم پورٹل پر کررہے تھے، حکومت نے اس حوالے سے پہلا بڑا ایکشن سعودیہ میں تعینات سفارتی عملے کے خلاف کیا ہے اور وہاں اوورسیز پاکستانیوں کو تنگ کرنے اور رشوت وصولی پر سفیر راجہ علی اعجاز سمیت چھ سفارتکاروں کو فوری طور پر عہدے سے ہٹا کر پاکستان پہنچنے کی ہدایت کی ہے، اس کے ساتھ ہی ان کے خلاف تحقیقات بھی شروع کردی گئی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے اس کارروائی کا اعلان خود جمعرات کو روشن ڈیجیٹل اکاوئنٹس میں ایک ارب ڈالر کے ڈپازٹس جمع ہونے پر منعقدہ تقریب میں کیا۔ بعد ازاں دفتر خارجہ کے ترجمان نے بھی کہا کہ سعودیہ سے سفیر اور چھ سفارتکاروں کو اوورسیز پاکستانیوں کی شکایت پر واپس بلا لیا گیا ہے اور تحقیقات کی جارہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق کچھ دیگر ممالک کے پاکستانی سفارتکاروں کے خلاف بھی شکایات کی تحقیقات جاری ہیں اور جلد ایکشن متوقع ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.