گھنٹوں کا سفر اب منٹوں میں

0

نیو یارک: امریکی کمپنی نے مسافروں کے لئے کمرشل سپر سونک طیاروں کی تیاری پر کام تیز کردیا ہے، سپر سونک طیارے سفر کو سمیٹ دیں گے، اور گھنٹوں کا سفر انسان منٹوں میں کرنے لگے گا، اور اپنے پیاروں کے پاس پہنچ جایا کرے گا، سپر سونک طیارے فوجی مقاصد کیلئے بنانے کے منصوبے سامنے آتے رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق امریکی کمپنی’’بوم سپرسونک‘‘ نے کمرشل سپر سونک طیارے بنانے کے منصوبے پر کام تیز کردیا ہے، اس سے پہلے سپر سونک یعنی آواز کی رفتار سے تیز طیارے فوجی مقاصد کیلئے بنانے کے منصوبے بڑی طاقتوں کی طرف سے سامنے آتے رہے ہیں، جرمن خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی کمپنی نے فی الحال ایک سیٹ والے سپر سونک طیارے کو بنایا ہے، یہ اکیس میٹر طویل چھوٹا طیارہ ہے، لیکن ہوا بازی کی تاریخ میں یہ ایک بہت بڑی جست ہے، اور تاریخ میں پہلی مرتبہ اب نجی سطح پر بنایا ہوا سُپرسونک طیارہ موجود ہے، اس جیٹ طیارے کا نام XB-1 بی بی بوم ہے، اس تین انجنوں والے طیارے کی آزمائش جلد ہی امریکی ریاست کیلیفورنیا کے صحرا میں شروع کردی جائے گی، ان طیاروں کا ایندھن ماحول دوست ہو گا اور کاربن ڈائی آکسائیڈ نہ ہونے کے برابر خارج ہو گی۔

یہ طیارہ آواز کی رفتار سے بھی چار گنا زیادہ تیز ہے، اور نیو یارک سے لندن تک کا 7 گھنٹے کا سفر صرف دو گھنٹے میں طے کرے گا، یعنی یہ طیارہ جب عام ائر لائنز استعمال کرنے لگیں گی، تو یورپی ممالک سے پاکستان کا سفر بھی ڈھائی گھنٹے تک آسکتا ہے، طیارے کی رفتار 2700 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوگی۔

امریکی کمپنی پہلے کم گنجائش والے سپر سونک طیارے بنانے کا ارادہ رکھتی ہے، ابتدا میں چھوٹے طیارے بنائے جائیں گے، جن میں ایک سے دو درجن افراد کے سفر کی گنجائش ہوگی، لیکن پھر بتدریج انہیں 75 سے 100 مسافروں تک بڑھایا جائے گا، ماہرین کے مطابق 2030 تک ان سپر سونک طیاروں کی کمرشل پروازیں شروع ہو سکتی ہیں، کمپنی کا کہنا ہے کہ اس طیارے میں ایسی ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے کہ آواز کی گھن گرج بھی کم ہوگی، اس کے علاوہ یہ ماحول دوست بھی ہوں گے، دوسری طرف ایک اور کمپنی ایریون بھی رواں دہائی کے آخر تک سپر سونک طیارہ مارکیٹ میں لانے کا دعویٰ کرچکی ہے، جس میں 50 مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی، کمپنی کا دعویٰ ہے کہ اس سپر سونک طیارے کی رفتار 5 ہزار کلو میٹر فی گھنٹہ ہوگی، اس طیارے کے ذریعہ تین گھنٹے کے اندر اندر دنیا کے کسی بھی کونے تک پہنچا ممکن ہوجائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.