اٹلی پر قرضوں کا بوجھ بڑھ گیا، اطالوی معیشت کرونا سے بیمار

0

روم: کرونا سے متاثرہ اٹلی کی معیشت کے لئے مزید بری خبریں سامنے آئی ہیں، ملک پر قرضوں کا پہاڑ مزید بڑھ گیا ہے، جبکہ افراط زر یعنی مہنگائی میں بھی اضافہ ہوا ہے، گزشتہ ماہ افراط زر کی شرح 0.6 فیصد رہی، جبکہ لوگوں کی قوت خریداری بھی کم ہورہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اٹلی پر قرضوں کا بوجھ مزید بڑھ گیا ہے، اور یہ 2603 ارب یورو تک پہنچ گیا ہے، اطالوی سرکاری خبر ایجنسی کے مطابق بینک آف اٹلی کا کہنا ہے کہ جنوری کے دوران قرضوں کا بوجھ مزید 33 ارب 90 کروڑ یورو بڑھنے کے بعد 2603 ارب یورو کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا ہے، گزشتہ ایک سال کے دوران اٹلی پر قرضوں کے بوجھ میں 160 ارب یورو کا اضافہ ہوا ہے، اس دوران شماریات کے ادارے ISTAT نے فروری میں افراط زر کے اعداد و شمار جاری کردئیے ہیں، گزشتہ ماہ افراط زر کی شرح 0.6 فیصد رہی، جو جنوری میں 0.4 فیصد تھی، اس طرح مہنگائی میں معمولی اضافہ ہوا ہے۔

دوسری طرف عوام کی جانب سے خریداری کی شرح میں 12 فیصد سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ ہوٹلوں میں خرچ کرنے کا رجحان 70 فیصد کم ہوا ہے۔ ریٹیل گروپ Confcommercio کے مطابق ٹیک اوے اور کیٹرنگ کا شعبہ بھی 42 فیصد نیچے چلا گیا ہے، اسی طرح فضائی سفر 86 فیصد کم ہوا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.