ضلع گجرات کا سپوت پاک فضائیہ کا سربراہ مقرر

0

اسلام آباد: ضلع گجرات کا ایک اور اعزاز، وزیر اعظم عمران خان نے گجرات سے تعلق رکھنے والے ایئرمارشل ظہیر احمد بابر سدھو کو پاک فضائیہ کا نیا سربراہ مقرر کردیا ہے، وزیراعظم کی سفارش پر صدر مملکت نے ایئر مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کو نیا ایئر چیف مقرر کردیا۔

خیال رہے کہ ایئرچیف مارشل مجاہد انور خان آج اپنے عہدے سے سبکدوش ہورہے ہیں، ان کی جگہ وزیر اعظم نے ایئرمارشل ظہیر احمد بابر کو پاک فضائیہ کا نیا سربراہ مقرر کردیا ہے، ظہیر احمد معروف عالم دین حکیم غلام محمد کے بیٹے ہیں، ان کا تعلق ضلع گجرات کے گاؤں سدھ سے ہے۔والدین نے ان کا نام ہندوستان کے فاتح مغل جرنیل ظہیر الدین بابر کے نام پر رکھا تھا۔ انہوں نے 1986 میں پاک فضائیہ میں شمولیت اختیار کی، اور ڈپٹی چیف آف ائیر اسٹاف ایڈمن سمیت دیگر عہدوں پر تعینات رہے۔ ایئر مارشل ظہیر احمد بابر سدھو فائٹر اسکواڈرن اور آپریشنل ایئر بیس کی کمانڈ بھی کرچکے ہیں۔، انہیں سروس کے دوران اعلیٰ کارکردگی پر تمغہ امتیاز اور ستارہ امتیاز سے بھی نوازا گیا۔

رپورٹ کے مطابق گجرات سے تعلق رکھنے والے وہ چوتھے سروسز چیف ہیں، اس سے قبل گجرات سے تعلق رکھنے والے ایڈمرل محمد شریف اور جنرل راحیل شریف بھی سروسز چیف رہ چکے ہیں، ائیر چیف پرویز مہدی بھی گجرات کے تھے، اس طرح وہ گجرات سے تعلق رکھنے والے پاک فضائیہ کے دوسرے سربراہ ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.