برطانیہ اور یورپی یونین میں مقدمہ بازی شروع، وجہ کیا بنی؟

0

برسلز: کرونا سے نبرد آزمایورپی ممالک کے درمیان بریگزٹ کے مسائل بھی سر اٹھانے لگے ہیں، اور یورپی یونین نے بریگزٹ ڈیل کی خلاف ورزی کا الزام لگاتے ہوئے برطانیہ کے خلاف قانونی کارروائی شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس حوالے سے برطانیہ کو قانونی نوٹس جاری کردیا ہے۔

تفصیلات  کےمطابق یورپی یونین نے شمالی آئرلینڈ سے متعلق تجارتی معاملات میں برطانوی حکومت کی طرف سے یک طرفہ تبدیلی کو بریگزٹ معاہدے کی خلاف ورزی قرار دیا ہے، اور برطانیہ کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔ برطانوی حکومت نے شمالی آئرلینڈ میں درآمد کی جانے والی خوراک کے حوالے سے یورپی یونین کی طرف سے دی گئی رعایتی مدت میں از خود یکم اکتوبر تک توسیع کردی تھی، جسے یورپی یونین نے معاہدہ کے  خلاف قرار دیا ہے، یورپی یونین کے بریگزٹ سے متعلق اعلیٰ عہدیدار ماروس سیفکووچ نے اس حوالے سے قانونی نوٹس جاری کردیا ہے، جس کے بعد برطانیہ کے خلاف یورپی عدالت میں باقاعدہ قانونی کارروائی شروع ہوجائے گی۔

قانونی کارروائی شروع کرنے کے ساتھ یورپی یونین نے بات چیت کا دروازہ بھی کھلا رکھا ہے، اور اس حوالے سے برطانیہ کو خط بھیجا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ لندن حکومت شمالی آئرلینڈ کے لیے طے شدہ تجارتی انتظامات کے حوالے سے یک طرفہ اقدامات کرنے سے باز رہے، برطانیہ سے کہا گیا ہے کہ وہ اس معاملے پر یورپی یونین سے بات کرکے اسے حل کرے، دوسری طرف برطانیہ کا موقف ہے کہ اس نے بریگزٹ معاہدہ کی خلاف ورزی نہیں کی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.