2 ماہ میں کتنے تارکین اٹلی پہنچے؟، لمپاڈسیا کے مئیر کس بات سے پریشان ؟

0

روم: اٹلی میں رواں برس کے پہلے دو ماہ جنوری اور فروری میں پہنچنے والے تارکین کی تعداد میں دو گنا سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، ادھر تارکین کے سب سے بڑے مرکز لمپاڈسیا جزیرہ کے مئیر نے بھی تارکین کی بڑھتی تعداد کے حوالے سے مرکزی حکومت کی توجہ مبذول کرائی ہے۔

تفصیلات کے مطابق 2021 کے شروع میں ہی اٹلی آنے والے تارکین کی تعداد میں تیزی سےاضافہ دیکھا گیا ہے، سردی کا موسم اور سمندر کی حالت خراب ہونے کے باوجود لیبیا سمیت دیگر ممالک سے تارکین کی بڑی تعداد نے اٹلی کا رخ کرنا شروع کردیا ہے، اطالوی وزارت داخلہ کے مطابق پہلے دو ماہ میں 5300 تارکین اٹلی پہنچنے میں کامیاب ہوئے ہیں، جو گزشتہ برس کے اس عرصے کے مقابلے میں دگنے سے بھی زائد ہیں۔ پچھلے سال اس مدت میں یہ تعداد 2553  تھی، فروری میں  سب سے زیادہ تارکین 3896 پہنچے، اس دوران تیونس سے تارکین کی آمد میں سب سے زیادہ اضافہ دیکھا گیا ہے۔

مئیرز پریشان

تارکین کی آمد میں اضافے سے جزیرہ لمپاڈسیا اور لینوسا کے مئیر Totò Martello پریشانی کا شکار ہیں، لمپاڈسیا کے مئیر کا کہنا ہے کہ انہیں لیبیا سے اٹلی کا روٹ ایکٹو ہونے پر تشویش ہے، آگے جا کر جب سمندر میں موسم  بہتر ہوجائے گا، تو پھر کیا ہوگا، وہ اس بارے میں ابھی سے پریشان ہیں، انہوں نے کہا کہ اس وقت تو صورتحال کنٹرول میں ہے، اور وزارت داخلہ کے جہاز قرنطینہ کی سہولت فراہم کررہےہیں، لیکن آگے جاکر تارکین کی آمد بڑھتی ہے، تو پھر کیا ہوگا، ہمیں اصل مسئلہ پر توجہ دینی ہوگی، اور وہ متعلقہ ممالک سے تارکین کی آمد کو روکنا ہے، ورنہ ہم ایمرجنسی کا ہی شکار رہیں گے، انہوں نے وزیر اعظم ماریو دراغی پر زور دیا کہ وہ مائیگریشن کے ان پہلووں پر توجہ دیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.