عمران خان نے سری لنکن مسلمانوں کو بڑا ریلیف دلادیا، کمیونٹی خوش

0

کولمبو: وزیراعظم عمران خان دورہ سری لنکا میں مسلمانوں کو بڑا ریلیف دلانے میں کامیاب ہوگئے، سری لنکن حکومت نے پاکستانی وزیراعظم سے ملاقاتوں کے بعد اپنی مسلم کمیونٹی کا دیرینہ مطالبہ تسلیم کرکے باقاعدہ نوٹیفیکیشن جاری کردیا، جس پر سری لنکن مسلمانوں نے وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کرونا بحران شروع ہونے کے بعد سری لنکا کی حکومت نے ملک میں وبا سے متاثرہ افراد کی متیوں کی تدفین پر پابندی لگادی تھی، اور تمام مذاہب کے لئے لاشوں کو جلانے کا حکم جاری کیا تھا، جس سے سری لنکا کی مسلم کمیونٹی سخت مشکلات کا شکار تھی، گزشتہ ایک برس سے  مسلم کمیونٹی اس پر حکومت سے احتجاج کرتی چلی آرہی تھی کہ مسلمانوں کو اپنے پیاروں کی میتیں شرعی طریقے سے دفن کرنے کی اجازت دی جائے، اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان نے فون پر بھی سری لنکن قیادت سے بات کی تھی۔ تاہم اب دورہ سری لنکا کے دوران انہوں نے اس حوالے سے سری لنکن حکومت سے درخواست کی کہ مسلمانوں کو میت دفنانے کی اجازت دی جائے، جس کے بعد سری لنکن حکومت نے میت کو جلانے کے حکم کو واپس لے لیا ہے، اور مسلمانوں کو کرونا سے متاثرہ اپنے پیاروں کی آخری رسومات اور تدفین کی اجازت دے دی ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق سری لنکن حکومت کی جانب سے قانون میں یہ تبدیلی پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کے دورے کے اختتام کے چند ہی گھنٹوں کے بعد سامنے آئی ہے۔ اس حوالے سے سری لنکا کی وزارت صحت نے ترمیمی گزٹ جاری کردیا ہے۔

سری لنکن وزیر صحت پوترا ونیاراچے کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تدفین کی صورت میں مرنے والے کو ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز کی ہدایات کے مطابق دفن کیا جائے گا، اور اس کے لیے جگہ کی تصدیق اور نگرانی بھی متعلقہ ادارے کی جانب سے کی جائے گی۔

وزیر اعظم عمران خان نے سری لنکا کی جانب سے اس قانونی میں ترمیم کا خیرمقدم کیا ہے، ٹوئٹ میں سری لنکن قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں سری لنکا کی قیادت کا شکریہ ادا کرتا ہوں، جس نے کرونا سے مرنے والوں کو تدفین کی اجازت دے دی ہے۔ دوسری طرف سری لنکا کی مسلم کمیونٹی نے بھی وزیر اعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ جن کی کوششوں سے انہیں اپنے پیاروں کی تدفین کی اجازت ملی، اس حوالے سے سوشل میڈیا پر سری لنکا کے مسلمانوں نے پوسٹیں کی ہیں، جن میں وزیراعظم عمران خان کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔

 

Leave A Reply

Your email address will not be published.