پاکستانیوں سمیت تارکین کی بڑی کھیپ چکمہ دے کر اٹلی داخل

0

روم: اٹلی میں زمینی راستے سے ایک ساتھ پہلی بار تارکین وطن کی بڑی کھیپ چھپ کر پہنچنے میں کامیاب ہوگئی ہے، تارکین کی اتنی بڑی تعداد کس طرح اہلکاروں سے چھپ کر پہنچنے میں کامیاب ہوئی، اس پر حکام بھی حیران ہیں، معاملے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اٹلی میں زمینی راستے سے ایک ساتھ تارکین وطن کی ایک بڑی کھیپ داخل ہونے میں کامیاب ہوگئی ہے، حکام کے مطابق سلوینیا سے ملحقہ ریجن فرولی وینزیا گیلیا کے شہرUdine  کے شمال میں رات کے وقت 100 سے زائد تارکین  پیدل چلتے پائے گئے، جو کسی بڑی گاڑی میں چھپا کر اٹلی لائے گئے تھے، اتنی بڑی تعداد میں ایک ساتھ غیر قانونی تارکین  کے ملک میں داخل ہونے کی اطلاع پر پولیس فوری طور پر حرکت میں آئی، اور ان تک پہنچ گئی، ان تارکین میں مختلف ملکوں کے شہری شامل تھے، جن میں اطلاعات کے مطابق پاکستانی بھی ہیں، اس کے علاوہ 11 خواتین بھی اس گروپ کا حصہ تھیں، عام طور پر سلوینیا سے کاروں یا وینز میں تارکین چھپ کر اٹلی میں داخل ہوتے ہیں، تاہم ان کی تعداد محدود ہوتی ہے، یہ پہلی بار ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں ایک ساتھ تارکین داخل ہوئے ہیں۔

پولیس کے پہنچنے پر ان تارکین نے سیاسی پناہ کی درخواست کی، جس پر انہیں ریسیپشن سینٹر منتقل کرکے ان کی شناخت کا عمل شروع کیا گیا، جبکہ کچھ تارکین کو قریبی فوجی بیرکس میں لازمی قرنطینہ کے لئے منتقل کردیا گیا ہے، اس دوران ان تارکین سے حکام نے پوچھ گچھ کی تو یہ واضح ہوگیا کہ انہیں 3 انسانی اسمگلر کسی بڑی گاڑی یعنی ٹرک وغیرہ میں لے کر آئے تھے، اور وہ نئی کھیپ لانے کے لئے بھی گئے ہوئے ہیں، جس پر پولیس نے سرحدی قصبے Gemona میں ان کے لئے ناکہ لگالیا، اور جیسے ہی وہ اٹلی میں داخل ہوئے پولیس نے انہیں  گرفتار کرلیا، تینوں گرفتار انسانی اسمگلرز سے حکام   تفتیش کررہے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.