برطانوی مسلم تنظیموں نے خاتون کو لیڈر چن لیا
لندن: برطانیہ میں مسلم کونسل نے پہلی بار ایک خاتون کو سیکریٹری جنرل منتخب کرلیا ہے، جوان زارا محمد کے انتخاب کو روایت ٹوٹنے سے تعبیر کیا جارہا ہے، زارا محمد اسکارف لیتی ہیں، ان کا تعلق گلاسکو سے ہے، مئیر لندن صادق خان نے ان کے انتخاب کو خوشی کی خبر قرار دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں پہلی بار مسلم کونسل کی سیکریٹری جنرل کے لئے خاتون کا انتخاب کرلیا گیا ہے، 29 سالہ زارا محمد کو مسلم کونسل سے وابستہ تنظیموں نے منتخب کیا۔ انہوں نے معروف امام اور براڈ کاسٹر اجمل مسرور جیسے ساتھی امیدواروں کو شکست دی۔ زارا محمد کا تعلق گلاسکو سے ہے، اور وہ ٹریننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کنسلٹنٹ ہیں، اتوار کو ہونے والے ورچوئل الیکشن میں انہوں نے107 ووٹ لئے، جبکہ ان کے حریف اجمل مسرور کو 60 ووٹ ملے۔
اس موقع پر زارا محمد نے کہا کہ مسلم کونسل کی پہلی خاتون سیکریٹری جنرل منتخب ہونا ان کے لئے اعزاز ہے، اور اسے مزید خواتین کی آگے آنے میں حوصلہ افزائی ہوگی، انہوں نے کہا کہ اس وقت برطانوی مسلم کمیونٹی کو سب سے بڑا چیلنج کرونا کی وبا کا ہے، جو معاشی اور ذہنی مسائل کا بھی سبب بن رہا ہے، انہوں نے کہا کہ وہ مختلف نسلی اکائیوں سے تعلق رکھنے والے بالخصوص نوجوان برطانوی مسلم نوجوانوں اور خواتین کے ساتھ مل کر کام کریں گی، اور دوسرے مذاہب کے لوگوں کے ساتھ بھی رابطے بڑھائے جائیں گے۔