وینس میں موبائل فون سے نگرانی ہوگی

0

وینس: پانی کا شہر کہلانے والا وینس دنیا بھر کے سیاحوں میں بہت مقبول ہے، یہی وجہ ہے کہ محض اپنی 50 ہزار آبادی رکھنے والے اس شہر میں سالانہ 3 کروڑ سیاح دنیا بھر سے کھچے چلے آتے ہیں، تاہم اب ان سیاحوں کی ڈیجیٹل نگرانی کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے لئے سسٹٰم لگادیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اٹلی کے شہر وینس میں سیاحوں کی نگرانی کے لئے جدید نظام کی تنصیب مکمل کرلی گئی ہے، برطانوی اخبار ڈیلی میل نے اس حوالے سے رپورٹ شائع کی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ وینس میں آنے والے سیاحوں کی ان کےموبائل فونز کی مدد سے ڈیجیٹل نگرانی کی جائے گی، سیاح کیا کھاتے ہیں، کیا پیتے ہیں، کس ملک سےتعلق ہے، کون سی زبان بولتے ہیں، اور اس جیسی ساری تفصیلات ان کے موبائل فونز کے ذریعہ اطالوی حکام تک پہنچتی رہیں گی، یہی وجہ ہے کہ اس نظام پر کچھ لوگ اعتراض بھی کررہے ہیں، اور اسے پرائیوسی میں مداخلت قرار دیا جارہا ہے، تاہم سسٹم لگانے والوں کا کہنا ہے کہ ان کا مقصد کسی کی پرائیوسی متاثر کرنا نہیں، بلکہ ڈیجیٹل ڈیٹا اکٹھا کرنا ہے، تاکہ کسی ایک جگہ پر سیاحوں کا زیادہ ہجوم روکنے میں مدد مل سکے۔

وینس میں موجود اطالوی حکام کا کہنا ہے یہ سسٹم لگانے پر 27 لاکھ یورو کے اخراجات آئے ہیں، اس کے ذریعہ سیاحوں کے موبائل فونز پر نظر رکھی جاسکے گی، اور اس کے ذریعہ یہ بھی جانا جاسکے گا کہ وہ وینس میں کون سی ٹرانسپورٹ استعمال کررہے ہیں، کس علاقے میں کتنے سیاح موجود ہیں، سسٹم کے موجد مارکو بیٹنی کا کہنا ہے کہ اس نظام کے ذریعہ ہم جان سکیں گے کہ شہر کے کس حصے میں کتنے سیاح موجود ہیں، اور یہ کہ ان کا تعلق کن ممالک سے ہے، کنٹرول روم میں بیٹھے حکام کو اس طرح کی تمام معلومات ڈیجیٹل طریقے سے موصول ہوتی رہیں گی،اس طرح ہم سیاحوں کی رہنمائی کرسکیں  گے کہ وہ کسی خاص مقام پرایک وقت میں جمع نہ ہوں، جس سے انہیں پریشانی کا سامنا کرنا پڑے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.