اسلام آباد میں قتل ہونے والے جرمن شہری کے قاتل پکڑے گئے

0

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں قتل ہونے والے جرمن باشندے کے قاتل پکڑے گئے، پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے سراغ لگایا، قاتلوں کو کوہاٹ سے گرفتار کرلیا ہے، جرمن باشندہ کو اس وقت دو ملزمان نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا تھا۔ جب وہ بینک سے 30 لاکھ روپے نکلوا کر واپس آرہے تھے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد پولیس نے منگل کے روز جی ٹین میں اپنے گھر کے قریب قتل ہونے والے جرمن باشندہNoel Mathias Do Rego کے کیس کی پولیس نے سیف سٹی اور راستے میں لگے دیگر کیمروں کی مدد سے تفتیش شروع کی تو لاہور نمبر کی ایک مہران کار کی نشاندہی ہوئی۔ اور اسی کار سے اتر کر دونوں ملزمان نے جرمن باشندہ کو روکا۔ اس سے پہلے یہ کار جرمن باشندے کے گھر کے قریب بھی مشکوک حالت میں نظر آئی۔ جرمن باشندہ کا ملزمان اسی کار میں تعاقب کر رہے تھے، پولیس نے کار کے نمبر اور جیو فینسنگ کی مدد سے اس کے سواروں کے موبائل نمبر کا پتہ چلایا اور ٹریس کیا تو لوکیشن کوہاٹ کی آرہی تھی جس پر اسلام آباد پولیس کی ٹیم نے کوہاٹ پولیس کے ہمراہ چھاپہ مارا، وہاں مہران کار اور دونوں ملزمان موجود تھے جنہیں تحویل میں لے لیا گیا جبکہ آلہ قتل بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔ ملزمان جو فون استعمال کر رہے تھے وہ ایک خاتون کے نام پر رجسٹرڈ ہے، اور اس فون سے واردات سے پہلے چالیس سے زائد کالیں کی گئیں، ایک ملزم کے مطابق سم اس کی بہن کے نام پر ہے۔

ملزمان نے ابتدائی تفتیش میں بتایا ہے کہ انہوں نے لوٹ مار کے لئے واردات کی تھی اور مزاحمت پر فائرنگ کی تاہم مزید تفتیش کی جارہی ہے، کیوں کہ ملزمان رقم نہیں لے جاسکے تھے اور وہ پولیس کو گاڑی کے اندر سے مل گئی تھی۔ واضح رہے کہ مقتول جرمن باشندے نے اسلام قبول کرکے ایک پاکستانی خاتون سے شادی کر رکھی تھی اور وہ 12 برس کراچی میں مقیم رہے، دو ماہ قبل ہی وہ اسلام آباد منتقل ہوئے تھے جہاں ان کی سالی رہتی تھی، جرمن باشندہ اب واپس جرمنی جانے کا ارادہ رکھتا تھا۔ اور اسی لئے کراچی سے اسلام آباد آیا تھا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.