جرمنی نے پرانے اتحادی امریکہ کو ناں، روس کو ہاں کردی

0

برلن: یورپ کی بڑی معاشی طاقت جرمنی نے اپنے پرانے اتحادی امریکہ کو ناں کردی، اور روس کے ساتھ منصوبہ تیزی سے مکمل کرنے کیلئے کام شروع کردیا ہے، جسے جرمنی اپنی توانائی ضروریات کے لئے ضروری سمجھتا ہے، جرمنی میں امریکی سفیر نے جرمنی اور یورپی یونین سے کہا تھا کہ وہ اس منصوبے سے پیچھے ہٹ جائیں۔

تفصیلات کے مطابق امریکہ کی جانب سے روس سے بحیرہ بالٹک کے نیچے سے بچھائی جانے والی گیس پائپ لائن منصوبے کی تازہ مخالفت اور  پہلے سے موجود پابندیوں کی دھمکیوں کے باوجود جرمنی نے اس منصوبے کو تیزی سے مکمل کرنے کا   فیصلہ کیا ہے، روس اور جرمنی دونوں نے اس کے لئے رکا ہوا کام  تیزی سے بحال  کردیا ہے، نارڈ اسٹریم ٹو پائپ لائن کے باقی ماندہ حصے پر کام کے لئے جرمن کے شپنگ حکام نے بحیرہ بالٹک سے گزرنے والے جہازوں کو 5 سے 31 دسمبر تک کے لئے ایڈوائزری جاری کردی ہے، دوسری جانب روس نے گیس لائن کے حصے مکمل کرنے کےلئے پائپوں سے لدے جہاز روانہ کردئیے ہیں۔

دونوں ملکوں کی یہ سرگرمیاں ایسے موقع پر سامنے آئی ہیں، جب جرمنی میں امریکی سفیر روبن کینولی نے جرمنی اور یورپی یونین سے کہا ہے کہ وہ اس منصوبے سے پیچھے ہٹ جائیں، اور کام روک دیں، انہوں نے کہا کہ یورپ یہ اقدام اٹھا کر ماسکو کو پیغام دے سکتا ہے، کہ وہ اس کا برا طرز عمل  قبول کرنے کے لئے تیار نہیں ہے، امریکہ سمجھتا ہے کہ یہ اقتصادی منصوبہ نہیں بلکہ روس اس کے ذریعہ یورپ کو تقسیم کرنا چاہتا ہے۔ واضح رہے کہ یوکرین اور پولینڈ سمیت کئی بالٹک ریاستیں بھی امریکہ کی طرح اس گیس لائن منصوبے کی مخالف ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.