تارکین سے ناروا سلوک یورپی پولیس سربراہ کو بھاری پڑگیا

0

برسلز: تارکین وطن سے ناروا سلوک یورپی پولیس سربراہ کو بھاری پڑگیا، معاملہ یورپی پارلیمنٹ میں پہنچ گیا، یورپی ارکان پارلیمنٹ نے یورپی پولیس فرنٹکس کے ڈائریکٹر کو ہٹانے کا مطالبہ کردیا ہے، یورپی ارکان پارلیمان کا کہنا ہے کہ پناہ کی تلاش میں آنے والوں کو واپس دھکیلنا ناقابل قبول ہے۔

تفصیلات کے مطابق ترکی سے یونان آنے کی کوشش کرنے والے تارکین وطن کو واپس دھکیلنے کا معاملہ یورپی پارلیمنٹ تک پہنچ گیا ہے، اس سے پہلے تارکین وطن کے حقوق کیلئے کام کرنے والی تنظیمیں اس مسئلے پر مسلسل آواز اٹھارہی تھیں، اسپین سے تعلق رکھنے والے یورپی رکن پارلیمان سیرا ریگو نے کہا ہے کہ فرنٹکس تارکین کو زبردستی واپس بھیجنے کی تردید کرتی رہی، لیکن اب ہمارے پاس اس کی ویڈیو آگئی ہیں، جو ناقابل تردید ہیں، انہوں نے فرنٹکس کے ڈائریکٹر فیبرس لیگری کے فوری استعفے کا مطالبہ کیا، ہسپانوی رکن کے ٹوئٹر پر کئے گئے اس مطالبے کی فوری طور پر بائیں بازو اور گرین پارٹی سے تعلق رکھنے والے کئی یورپی ارکان نے حمایت کردی، یورپی رکن پارلیمان نے کہا کہ یہ ہمارے لئے مکمل طور پر ناقابل قبول ہے کہ یورپی ادارہ اس طرح کے غیر قانونی آپریشنز میں حصہ لے، جن سے تارکین وطن کے حقوق پامال ہوتے ہوں۔

یورپی پارلیمان کی ایک اور رکن کیٹی پیری کا کہنا ہے کہ فرنٹکس کے ڈائریکٹر کو ابھی ہمارے اور بہت سے سوالات کے جواب دینے ہیں، یہ ہمارا اعتماد کھوچکے ہیں، انفو مائیگرینٹس ویب سائٹ پر شائع رپورٹ کے مطابق اس سے پہلے یورپی پارلیمان کی ایک رکن Tineke Strik بھی اس معاملے کی جانچ کا مطالبہ کرچکی ہیں، دوسری طرف فرنٹکس کے ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ وہ تحقیقات کا سامنا کرنے کے لئے تیار ہیں، ان کا کہنا ہے کہ اس بات کا فیصلہ متعلقہ یورپی ملک نے کرنا ہوتا ہے، جس کی سمندری حدود میں کارروائی ہورہی ہوتی ہے، یہ فیصلہ ہم نہیں کرتے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.