اٹلی میں حکومت نے نئے بونس کا اعلان کردیا

0

روم: اٹلی کی حکومت نے کرونا کی دوسری لہر میں بے روز گار ہونے والوں کے لئے نئے امدادی بونس کا اعلان کردیا ہے، بونس کیلئے شرائط بھی جاری کردی گئیں، متاثرین آن لائن درخواست بھی دے سکیں گے، اسکیم کیلئے اہلیت، کن شعبوں کے ورکرز کو دیا جائے گا اور کیسے اپلائی کیا جائے گا طریقہ جانئے۔

تفصیلات کے مطابق اٹلی  میں جاری کرونا کی دوسری لہر سے متاثرہ  کاروبار اور ملازمین کے لئے حکومت نے نئے امدادی بونس کا اعلان کردیا ہے, متاثرین کو 800 یورو سے لے کر ایک ہزار یورو تک ادائیگی کی جائے گی، اسکیم میں جن متاثرہ شعبوں کو شامل کیا گیا ہے، ان میں سیاحت، تفریح گاہوں، فن اور کھیلوں سے وابستہ افراد، سیزنل ورکرز، گھر گھر سیل کا کام کرنے والے افراد، فری لانسر اور دیگر عارضی ملازم  شامل ہیں، اسکیم کے تحت ادائیگی کے لئے ملازمین کو ان کے وی اے ٹی نمبر کے حساب سے جانچا جائے گا۔

اسکیم کیلئے اہلیت

ایک ہزار یورو کی ادئیگی سیاحت، تفریح  گاہوں، اور فن کے شعبوں سے وابستہ سیزنل اور عارضی ورکرز کو کی جائے گی، اسی طرح کھیلوں کے شعبے، گھر گھر پھیری لگا کر اشیا فروخت کرنے والوں، سیزنل ورکرز فری لانسرز اور دیگر عارضی ملازمتیں کرنے والوں کو 800 یورو ملیں گے، اسکیم کے تحت رقم  لینے کے لئے ضروری ہے کہ آپ کی ملازمت اس سال یکم جنوری سے 29 اکتوبر کے درمیان ختم ہوئی ہو، اس کے علاوہ اس پیریڈ میں کم ازکم  30 دن انہوں نے کام بھی کیا ہو، اسی طرح وہ پنشن، بے روزگاری فنڈ یا سوشل سیکورٹی کا کوئی اور فائدہ نہ لے رہے ہوں۔

اپلائی کا طریقہ

اس اسکیم کے تحت رقم حاصل کرنے کے لئے 18 دسمبر سے قبل اٹلی کے سوشل سیکورٹی آفس کے پاس درخواست  دینا ضروری ہے، تاہم ایسے افراد  جنہیں اگست کی اسکیم میں ادائیگی کی جاچکی ہے، انہیں نئی درخواست دینے کی ضرورت نہیں ہوگی، اور ان کی پرانی درخواست پر ہی پیشرفت کی جائے گی، حکام کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے مزید معلومات کے لئے سوشل سیکورٹی آفس سے بھی رجوع کیا جاسکتا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.