اسلام آباد: پاکستان میں تعینات اٹلی کے سفیر آندرے فراریس نے دونوں ملکوں کے درمیان تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کردیا، جبکہ پاکستان میں نیا دفتر کھولنے کا بھی اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اٹلی پاکستان میں نیا اقتصادی مشن قائم کرے گا، تاکہ تجارتی اور معاشی روابط کو فروغ دیا جاسکے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں اطالوی سفیر آندرے فراریس نے کہا ہے کہ پاکستان اور اٹلی کے درمیان دوستانہ تعلقا ت ہیں، اور ہم باہمی تجارت موجودہ پونے دو ارب ڈالر سے بڑھا کر 5 ارب ڈالر سالانہ کرنا چاہتے ہیں، انہوں نے کہا کہ اٹلی نے یورپی یونین میں ہمیشہ پاکستان کو ترجیحی تجارتی ملک قرار دینے کے جائزے کے موقع پر اسلام آباد کی حمایت کی ہے، اس وقت بھی اٹلی کے ساتھ پاکستان کی تجارت پاکستان کے حق میں ہے، سرکاری خبر ایجنسی سے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ اس وقت یورپی یونین میں اٹلی سے پاکستانی سب سے زیادہ زرمبادلہ پاکستان بھیج رہے ہیں، گزشتہ برس اٹلی میں پاکستانی کمیونٹی نے 142 ملین ڈالر سے زائد رقم پاکستان بھیجی۔ انہوں نے کہا کہ اٹلی پاکستان میں نیا اقتصادی مشن قائم کرے گا، تاکہ تجارتی اور معاشی روابط کو فروغ دیا جاسکے۔