اٹلی: پاکستانی شہری کے حق میں بڑا فیصلہ، دیگر غیر ملکیوں کیلئے بھی راستہ کھل گیا

0

برسلز: یورپی یونین کی عدالت انصاف نے اٹلی میں مقیم غیر ملکیوں کے حق میں بڑا فیصلہ  سنادیا، جس پر عمل درآمد سے پاکستانیوں سمیت غیرملکیوں کو ہزاروں یورو کا فائدہ ہوسکتا ہے، یورپی عدالت نے اطالوی حکومت  کا موقف قبول نہیں کیا، عدالت نے فیصلہ پاکستانی اور سری لنکن شہری کی درخواست پر دیا۔

تفصیلات کے مطابق یورپی یونین کی کورٹ آف جسٹس نے اٹلی میں غیر ملکیوں کے حق میں بڑا فیصلہ سنادیا ہے، پاکستانی اور سری لنکن شہری کی درخواست پر یہ فیصلہ گزشتہ روز دیا گیا، ان دونوں کی فیملیاں اپنے آبائی ملکوں میں مقیم تھیں، اور اس بنیاد پر اٹلی کی سوشل سیکورٹی ایجنسی نے انہیں فیملی ارکان کے بینیفٹ دینے سے انکار کردیا تھا، جس پر انہوں نے یورپی یونین کی عدالت میں کیس دائر کیا تھا، عدالت نے ان کی درخواست منظور کرتے ہوئے اطالوی حکومت کو حکم دیا ہے کہ وہ ملک میں طویل المدت رہائشی پرمٹ رکھنے والے غیرملکیوں کو بھی وہی فیملی بینیفٹ دے، جو وہ اپنے شہریوں کو دیتی ہے،  اٹلی کی سرکاری خبر ایجنسی کے مطابق عدالت نے فیصلے میں کہا ہے کہ اٹلی اپنے شہریوں کو ان کی فیملی کے ان ارکان  کے بینیفٹ بھی دیتا ہے، جو دوسرے ملکوں میں مقیم ہوتے ہیں، یہی سہولت غیرملکیوں کو بھی دی جائے، اور اٹلی سے باہر موجود ان کے اہلخانہ کے بینیفٹ بھی انہیں دئیے جائیں، یورپی یونین کی عدالت نے قرار دیا ہے کہ یونین کا رکن کوئی ملک  طویل المدت رہائشی پرمٹ پر مقیم غیرملکیوں کے سوشل سیکورٹی بینیفٹ کم یا ختم نہیں کرسکتا۔ چاہے ان کے اہلخانہ ان کے ساتھ مقیم نہ بھی ہوں، اس فیصلے پر عمل کے نتیجے میں پاکستانیوں سمیت لاکھوں غیرملکی اپنے ان فیملی ارکان کا بھی بینیفٹ حاصل کرسکیں گے، جو اٹلی میں موجود نہیں ہوں گے، اس طرح انہیں ہزاروں یورو کا فائدہ  ہونے کا امکان  ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.