آزاد ارکان شامل، گلگت میں پی ٹی آئی  کو واضح اکثریت، الیکشن کمشنر کا بلاول کو چیلنج

0

اسلام آباد: گلگت بلتستان انتخابات میں کامیاب ہونے والے 5 آزاد ارکان اسمبلی نے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کردیا، جس کے بعد پی ٹی آئی باآسانی وہاں حکومت بنانے کی پوزیشن میں آگئی ہے، حکومت بنانے کیلئے 12 ارکان کی ضرورت ہوتی ہے، آزاد ارکان کی شمولیت پر پی ٹی آئی ارکان کی تعداد 15 ہوگئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان الیکشن میں کامیاب ہونے والے 7 میں سے 5 آزاد امیدواروں نے جمعرات کو تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کردیا، جس کے بعد 23 رکنی ایوان میں پی ٹی آئی ارکان کی تعداد 51 ہوگئی ہے، 10 نشستیں پی ٹی آئی نے جیتی تھیں، دوسری طرف پی پی پی کے پاس 3 جبکہ ن لیگ کے پاس صرف 2 نشستیں ہیں، امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ باقی دو آزاد ارکان بھی پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرلیں گے، جس کے بعد ایوان میں اسے دو تہائی اکثریت حاصل ہوجائے گی۔ گلگت بلتستان اسمبلی کا الیکشن جیتنے والے 4 آزاد امیدواروں وزیر محمد سلیم، ناصر علی خان، مشتاق حسین، جاوید منوا اور حاجی عبدالحمید نے وفاقی وزیرعلی امین گنڈا پور، سیف اللہ نیازی اور ارشد داد سے ملاقات میں پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا، وزیر محمد سلیم جی بی 9 سے آزاد حیثیت میں منتخب ہوئے، ناصرعلی خان جی بی 10 نے گلگت بلتستان الیکشن میں کامیابی حاصل کی، مشتاق حسین جی بی 22 گانچھے، حاجی عبدالحمید جی بی 23 گانچھے اور آزاد امیدوار جاوید منوا جی بی اے 5 نگر 1 سے الیکشن جیتنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔

الیکشن کمشنر کا چیلنج

دوسری طرف گلگت بلتستان کے الیکشن کمشنر راجا شہباز خان نے پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو کو چیلنج کیا ہے کہ وہ  گلگت آکر انتخابات میں دھاندلی سے متعلق پر الزامات ثابت کریں۔ میڈیا بریفنگ میں انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو سے پھر کہتا ہوں بیان بازی کے بجائے ادھر آکر انتخابی عمل میں دھاندلی ثابت کریں۔ راجا شہباز خان نے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی کا یہ کیسا معیار ہے کہ پیپلز پارٹی کا امیدوار حلقہ نمبر 1 میں کامیاب رہا تو وہاں دھاندلی نہیں لیکن حلقہ نمبر 2 میں ناکام ہوا تو اسے دھاندلی قرار دے دیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.