اسپین میں پاکستانیوں کی وجہ سے کرکٹ مقبول

0

بارسلونا: فٹبال کے شوقین یورپی ملک میں پاکستانی تارکین کی وجہ سے کرکٹ بھی مقبول ہورہی ہے، اور بڑی تیزی سے ٹیمیں بن رہی ہیں، اسپین میں کرکٹ کو فٹبال کی طرح مقبول بنانے کے لئے کچھ تبدیلیاں بھی کردی گئی ہیں، اسے فٹبال سے ہم آہنگ کرنے کیلئے 90 منٹ کا کھیل بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق یورپ میں بڑی پاکستانی کمیونٹی رکھنے والے ملک اسپین میں اب کرکٹ بھی پاکستانیوں کی وجہ سے مقبول ہورہی ہے، اس حوالے سے جرمن نشریاتی ادارے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسپین میں کرکٹ کے 65 کلب وجود میں آچکے ہیں، بالخصوص بارسلونا میں جہاں پاکستانی کمیونٹی بڑی تعداد میں مقیم ہے، کرکٹ اب مقبول ہورہی ہے، اسپین کی قومی ٹیم میں بھی 7 سے 8 پاکستانی پس منظر والے کھلاڑی کھیل رہے ہیں، بارسلونا میں پاکستانی قونصل جنرل عمران علی نے بتایا کہ وہاں کی 16 ٹیموں میں 75 فیصد کھلاڑی پاکستانی کمیونٹی سے تعلق رکھتے ہیں، اسپین کرکٹ کے سی ای او جون ہیڈن کا کہنا ہے کہ ملک میں کرکٹ کا ارتقا جاری ہے، ہم نے آس کانتے میں لیگ منعقد کی ہے، یورپین کرکٹ سیریز کے ڈینیل ویسٹن نے کہا کہ یورپ میں کرکٹ تیزی سے مقبول ہورہی ہے، ہم نے اسے فٹبال سے ہم آہنگ کرنے کے لئے 90 منٹ کا کھیل بنانے کی کوشش کی ہے، جس کے لئے ہم ٹی 10 میچ کراتے ہیں۔ بلدیہ بارسلونا میں کرکٹ و کھیل کی ذمہ دار خاتون کارلا بوریل نے بتایا کہ کرکٹ ثقافتی و سماجی انضمام کا ذریعہ بن رہی ہے، ہمارا منصوبہ 8 برس سے جاری ہے۔

ہم تارکین وطن خاندانوں کی خواتین کی بھی کرکٹ کھیلنے کے لئے حوصلہ افزائی کرتے ہیں، بلدیہ کے ایک اور ذمہ دارخوان بیس نے بتایا کہ ہمیں صرف یہ مسئلہ درپیش ہے کہ ہمارے پاس  کرکٹ کے لئے درکار بڑے گراؤنڈ نہیں ہیں، لہذا ہم کچھ تبدیلیوں کے ساتھ اسکولوں اور انڈور گراؤنڈز میں کرکٹ کھلواتے ہیں، اور پھر ہفتہ میں ایک بار 11 رکنی ٹیم کے ساتھ کسی  بڑے گراؤنڈ کا رخ کرتے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.