برطانیہ پر دباؤ بڑھ گیا، نوازشریف کو 3 ماہ میں واپس لانے کا حکومتی دعویٰ

0

لندن: پاکستان نے نوازشریف کی حوالگی کیلئے برطانیہ پر دباؤ بڑھادیا ہے، ایمنسٹی انٹرنیشنل کی برطانوی شاخ نے بھی لندن حکومت سے مطالبہ کردیا ہے کہ وہ کرپشن میں ملوث غیرملکیوں کو تحفظ نہ دے، دوسری جانب پاکستان کے ایک اہم وفاقی وزیر نے دعویٰ کیا ہے کہ نوازشریف کو اگلے تین ماہ کے اندر پاکستان لائیں گے.

تفصیلات کے مطابق پاکستان نے سزا یافتہ سابق وزیراعظم نوازشریف کی حوالگی کے لئے برطانیہ پر دباؤ بڑھا دیا ہے، مشیر داخلہ شہزاد اکبر نے اس حوالے سے برطانوی وزیرداخلہ پریتی پٹیل کو  خط لکھا ہے، جس میں ماضی کے مقابلے میں سخت الفاظ کا استعمال کیا گیا ہے، خط میں شہزاد اکبر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ برطانوی حکومت پر لازم ہے کہ وہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کو پاکستان بھیجنے میں اپنا کردار ادا کرے، امید کرتے ہیں برطانوی حکومت کرپشن میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کرنے میں پاکستان کی معاونت کرے گی۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل کا مطالبہ

 دوسری طرف کرپشن کے خلاف کام کرنے والی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھی برطانوی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کرپشن میں ملوث افراد کو وہاں کوئی رعائت نہیں ملنی چاہئے، اپنے ملکوں میں کرپشن کرکے آنے والوں کو واپس بھیجنا چاہئے، تاکہ وہ وہاں قانون کا سامنا کریں، اس کے ساتھ   انصاف کے تقاضے پورے کرنے کے لئے برطانیہ میں موجود غیر قانونی اثاثے ضبط کرکے متعلقہ ممالک کو واپس کرنے چاہیں، ایسا نہ کیا گیا تو برطانیہ کی ساکھ متاثر ہوگی اور اسے کرپشن کی جنت کے طور پر دیکھا جائے گا۔

وفاقی وزیر کا دعویٰ

ادھر وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ حکومت نوازشریف کو تین ماہ میں واپس لانے میں کامیاب ہوجائے گی، انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ اگلے برس 15 جنوری تک نوازشریف واپس پاکستان میں ہوں گے، وہ سزا یافتہ مجرم ہیں، برطانوی حکومت کے پالیسی ساز ان کے بارے میں سخت فیصلے پر بات کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برطانوی حکومت  کرپٹ اور لٹیرے رہنماؤں کو پناہ دے کر اپنی ساکھ خراب کررہی ہے۔

برطانوی حکومت کو لکھے گئے خط میں شہزاد اکبر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ برطانوی حکومت پر لازم ہے کہ وہ سابق نواز شریف کو پاکستان بھیجنے میں اپنا کردار ادا کرے، امید کرتے ہیں کہ برطانوی حکومت کرپشن میں ملوث افراد کے خلاف کاروائی کرنے میں پاکستان کی معاونت کرے گی، نواز شریف علاج کے لیے بیرون ملک گئے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.