پاکستان نے ترکش ائیر لائن کو وارننگ جاری کردی

0

اسلام آباد: سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے ترکش ائیرلائن کو کرونا سے متعلق جاری ہدایات پر عملدرآمد نہ کرنے پر وارننگ جاری کردی ہے، حکام کا کہنا ہے کہ ترکش ائیرلائن مسافروں کو بغیر کرونا ٹیسٹ کے پاکستان لارہی ہے، ایسا کرکے ائیر لائن ہماری کرونا ایس او پیز پالیسی کی خلاف ورزی کررہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان نے زیادہ کرونا مریضوں والے ممالک سے آنے والے مسافروں کیلئے پیشگی کرونا ٹیسٹ لازمی قرار دے رکھا ہے، اور ان ممالک کیلئے بی کیٹگری بنائی گئی ہے، جبکہ 30 ممالک میں جہاں صورتحال بہتر ہے، وہاں سے آنے والے مسافروں کو بغیر ٹیسٹ پاکستان آنے کی اجازت ہے، ترکی بھی ان ممالک میں شامل ہے، جہاں سے مسافر بغیر ٹیسٹ کرائے پاکستان آسکتے ہیں، تاہم ترکش ائر لائن نے اس سہولت کا ناجائز فائدہ اٹھانا شروع کردیا تھا، اور ان ممالک کے کنیکٹنگ مسافروں کو بھی براستہ استنبول بغیر ٹیسٹ پاکستان لایا جارہا تھا، جن کے لئے  پاکستان نے ٹیسٹ لازمی قرار دے رکھا ہے۔

ترکش ائیرلائن کی طرف سے اس خلاف ورزی پر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے نوٹس لے لیا ہے اور ائر لائن کے کنٹری منیجر کو خط لکھ کر کارروائی کا انتباہ کیا گیا ہے، سی اے اے نے ترکش ائرلائن سے اس خلاف ورزی پر جواب بھی طلب کیا ہے، سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے ترکش ائیرلائن کو ہدایت کی گئی ہے، کہ وہ ایس او پیز پرعملدرآمد یقینی بنائے۔

سی اے اے کے ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ نے ترکش ائیرلائن کیخلاف پینل ریگولیٹری ایکشن لینے کاعند یہ بھی دیا ہے اور کہا ہے کہ  آئندہ ایسی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ سی اے اے نے ترکش ائیرلائن انتطامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ مسافروں کو پاکستان لانے سے قبل ان کا کورونا ٹیسٹ لازمی کروائے،اور مسافروں کا کورونا ٹیسٹ 96 گھنٹوں سے زائد عرصے کا نہ ہو۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.