مکان بنانے، خریدنے کیلئے حکومت نے سستے قرضوں کی اسکیم شروع کردی

0

کراچی:اسٹیٹ بینک نےسستےمکاناتی قرضے کیلئے حکومتِ پاکستان کی مارک اپ زرِ اعانت کا اعلان کردیا،حکومتِ پاکستان عوام کو سستے مکانات کی فراہمی کے اپنے وژن کے مطابق نئے مکانات کی تعمیر اور خریداری کیلئےمارک اپ (سبسڈی) فراہم کرے گی،اس سہولت کے تحت وہ تمام افراد جو پہلی بار اپنا مکان تعمیر کر رہے ہوں گےیا خرید رہے ہوں گے،

انہیں رعایتی اور سستے مارک اپ ریٹس پر بینک قرضے مل سکیں گے،یہ سہولت اسٹیٹ بینک کے انتظامی تعاون کے ساتھ فراہم کی جائے گی جو حکومتِ پاکستان اورنیا پاکستان ہاؤسنگ اینڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی‘ (نیفڈا) کا ایگزیکیوٹنگ پارٹنر ہوگا۔

حکومتِ پاکستان نے دس سال کے دوران قرضوں پر مارک اپ زرِ اعانت کی ادائیگی کے لیے 33 ارب روپے مختص کیے ہیں اور اس سہولت کے تسلسل کی یقین دہانی کرائی ہے،اس مقصد کےلیے اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور حکومتِ پاکستان نے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔

مارک اپ زرِ اعانت کی سہولت تمام بینکوں کے ذریعے دستیاب ہوگی اور اسے تین سطحوں میں تقسیم کیا گیا:

’نیفڈا‘ منصوبوں کے مطابق سطح اول کے تحت پانچ مرلہ یا 125مربع گز تک کے مکانات/ اپارٹمنٹ/ فلیٹ جن کا زیادہ سے زیادہ کورڈ ایریا 850 مربع فٹ اور زیادہ سے زیادہ قیمت 3.5 ملین روپے ہوگا،کی خریداری کے لیے قرضے دستیاب ہیں، اس سطح کے تحت زیادہ سے زیادہ 20 سال کے لیے زیادہ سے زیادہ 2.7 ملین روپے کا قرضہ دیا جائے گا۔

بینکوں کا زیادہ سے زیادہ مارک اپ ریٹ کائبور جمع 250 بیسس پوائنٹس ہوگا۔ تاہم حکومتِ پاکستان قرضہ لینے والوں کے لیے پہلے 5 سال کے لیے مارک اپ کم کر کے 5 فیصد تک لانے کی خاطر مارک اپ زرِ اعانت فراہم کرے گی، جبکہ اگلے 5 سال کے لیے مارک اپ 7 فیصد ہوگا۔

سطح دوم کے تحت  پانچ مرلہ یا 125مربع گز تک کے مکانات/ اپارٹمنٹ/ فلیٹ جن کا زیادہ سے زیادہ کورڈ ایریا 850 مربع فٹ اور زیادہ سے زیادہ قیمت 3.5 ملین روپے ہوگا، کی خریداری کے لیے قرضے دستیاب ہیں۔ اس سطح کے تحت زیادہ سے زیادہ 20 سال کے لیے زیادہ سے زیادہ 3 ملین روپے کا قرضہ دیا جائے گا۔

سطح سوم متوسط آمدنی والے گھرانوں کو سستے مکانات کی فراہمی کے لیے ہے،اس میں 5 مرلہ (125 مربع گز) سے زائد اور 10 مرلہ یا 250 مربع گز تک کے مکانات/ اپارٹمنٹ/ فلیٹ جن کا زیادہ سے زیادہ کورڈ ایریا 850 مربع فٹ سے 1100 مربع فٹ تک اور زیادہ سے زیادہ قیمت6 ملین روپے ہوگی، کی تعمیر یا خریداری کے لیے رعایتی قرضے دستیاب ہیں۔

 اس سطح کے تحت زیادہ سے زیادہ 20 سال تک کے لیے زیادہ سے زیادہ 5ملین روپے کا قرضہ دیا جائے گا۔  بینک  زیادہ سے زیادہ کائبور جمع 400 بیسس پوائنٹس تک مارک اپ وصول کر سکیں گے، تاہم حکومتِ پاکستان  قرضہ لینے والوں کے لیے پہلے 5 سال کے لیے مارک اپ کم کر کے 7 فیصد تک لانے کی خاطر مارک اپ زرِ اعانت فراہم کرے گی، جبکہ اگلے 5 سال کے لیے مارک اپ 9فیصد ہوگا۔

توقع ہے کہ اس سہولت کے متعارف کرائے جانے سے ’نیفڈا‘ اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کی مشترکہ کوششوں سے نئے مکانات فراہم ہوں گے، جو حکومتِ پاکستان کاوژن حقیقت میں تبدیل کرنے میں مدد دیں گے۔

اس سہولت کی تفصیلات اسٹیٹ بینک کے سرکلر میں اس لنک پر دی گئی ہیں: https://www.sbp.org.pk/smefd/circulars/2020/C11.htm

Leave A Reply

Your email address will not be published.