ناراض لیگی ارکان نے فارورڈ بلاک کیلئے رابطے تیز کردئیے

0

لاہور: ناراض لیگی ارکان اور پارٹی قیادت میں ٹھن گئی، پنجاب اسمبلی میں ناراض ارکان کا گھیراؤ کرانے کے بعد ان ارکان نے بھی کھل کر نوازشریف اور مریم کی مخالفت کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ باضابطہ طور پر فارورڈ بلاک بنانے کی بھی تیاری کرلی ہے، جس کیلئے دیگر ارکان سے بھی رابطے شروع کردئیے ہیں۔

دوسری طرف اسپیکر چوہدری پرویز الہیٰ نے ایک بار پھر اس معاملے پر بھی ن لیگ کے لئے نرم گوشہ کا اشارہ دے دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی میں لیگی ارکان کی طرف سے پارٹی قیادت سے ناراض ارکان مولانا غیاث الدین اور جلیل شرقپوری کا گھیراؤ کرنے اور جلیل شرقپوری کے سر پر لوٹا رکھے جانے کے بعد ناراض ارکان نے بھی کھل کر سامنے آنے کا فیصلہ کرلیا ہے، اور باضابطہ فارورڈ بلاک بنانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے لئے ایسے ارکان سے بھی رابطے تیز کردئیے ہیں، جو اب تک  کھل کر سامنے نہیں آئے۔

لیکن وہ نوازشریف اور مریم کی پاک فوج کیخلاف پالیسی پر تحفظات رکھتے ہیں، ناراض ارکان کے قریبی ذرائع کے مطابق دو درجن کے قریب لیگی ارکان ان سے رابطے میں ہیں، اور وہ جلد فارورڈ بلاک بنا کر سرپرائز دے سکتے ہیں۔

ناراض رکن مستعفی

ن لیگ کے ایک ناراض رکن پنجاب اسمبلی فیصل نیازی نے پارٹی کو استعفیٰ بھیج دیا ہے، ذرائع کے مطابق فیصل نیازی تحریک انصاف کے ٹکٹ پر ضمنی الیکشن لڑنے کے لئے تیار ہیں، اس لئے انہوں نے استعفیٰ دیا ہے، وہ وزیراعظم عمران خان کے آبائی علاقے میانوالی سے تعلق رکھتے ہیں۔ دوسری طرف ن لیگ سے نکالے گئے رکن پنجاب اسمبلی مولانا غیاث الدین نے نوازشریف پر براہ راست تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وہ اصلی مسلم لیگی ہیں، تو بچوں کو لندن سے لے کر ملک میں واپس آئیں، انہوں نے کہا کہ نوازشریف ملک لوٹ کر اور پارٹی کو یتیم کرکے خود خاندان سمیت لندن جا بیٹھے ہیں، اور دوسروں کے لئے ڈسپلن کی باتیں کررہے ہیں، اگر مجھے پارٹی سے نکال بھی دیا گیا ہے تو آزاد حیثیت سے الیکشن لڑ کر دکھاؤں گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.