بھارتی مسلم اداکارہ نے شوبز کو خیر آباد کہہ دیا

0

ممبئی: بگ باس سیزن سکس سے شہرت حاصل کرنے والی بھارتی مسلمان اداکارہ ثنا خان نے شوبز کی دنیا چھوڑنے کا اعلان کردیا ہے، انہوں نے شوبز سے علیحدگی کو اپنی زندگی کا سب سے پرمسرت لمحہ بھی قرار دے دیا، انہوں نے اپنی شوبز سرگرمیوں کی تمام تصاویر اور ویڈیوز بھی ڈیلیٹ کردی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بگ باس سیزن 6 سے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والی بھارتی اداکارہ ثنا خان نے شوبز چھوڑنے کا اعلان اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پرکیا، ثنا خان بالی ووڈ اور تامل فلموں میں بھی کام کرچکی ہیں، انہوں نےسلمان خان کے ساتھ فلم ’’جے ہو‘‘ بھی کی تھی، تاہم انہیں سب سے زیادہ شہرت بھارتی ٹی وی کے رئیلیٹی شو بگ باس سیزن 6 سے ملی تھی۔

انہوں نے انگریزی، اردو اور رومن میں یہ پیغام اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر جاری کیا، اپنی پوسٹ کا آغاز انہوں نے بسم اللہ الرحمن الرحیم سے کیا اور اپنے چاہنے والوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ شوبز کی زندگی میں مجھے آپ کی وجہ سے جو شہرت اور عزت ملی، اس کیلئے آپ کی شکرگزار ہوں، لیکن اب میں کچھ دنوں سے سوچ رہی ہوں کہ کیا انسان کے دنیا میں آنے کا مقصد دولت اور شہرت کمانا ہے؟۔

ثنا خان نے لکھا کہ کیا انسان کو یہ نہیں سوچنا چاہئے کہ اسے کسی بھی وقت موت آسکتی ہے؟ اور مرنے کے بعد  ہمارا کیا بننے والا ہے؟ ان دو سوالوں  بالخصوص یہ کہ مرنے کے بعد میرا کیا بنے گا؟۔ اس سوال کا جواب میں نے اپنے مذہب میں تلاش کیا تو مجھے پتہ چلا کہ یہ زندگی اصل میں مرنے کے بعد کی زندگی کو بہتر بنانے کے لیے ہے اور وہ اسی صورت میں بہتر ہوگی جب بندہ اپنے خالق و مالک کے حکم کے مطابق زندگی گزارے، اور صرف دولت اور شہرت کو اپنا مقصد نہ بنائے، بلکہ گناہ کی زندگی سے بچ کر انسانیت کی خدمت کرے، اور اپنے پیدا کرنے والے کے بتائے ہوئے طریقے پر چلے۔

اس لیے میں آج یہ اعلان کرتی ہوں کہ آج سے میں شوبزکی زندگی چھوڑ رہی ہوں اور اسلام کے مطابق زندگی گزاروں گی، میرے لیے دعا کی جائے کہ اللہ تعالیٰ میری مدد فرمائیں، ثنا خان نے آخر میں التماس کی کہ اسے کبھی شوبز کے کسی کام کے لیے دعوت نہ دی جائے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.