ن لیگ میں بغاوت بڑھ گئی

0

لاہور: نواز لیگ میں بغاوت کا سلسلہ وسیع ہوگیا ہے، میاں جلیل  احمد شرقپوری کے بعد مزید 3 ارکان پنجاب اسمبلی نے لندن میں موجود پارٹی قائد کے پاک فوج کیخلاف بیانیےسےبغاوت کردی ہے،جس کے بعد  نئے باغی ارکان کی تعداد 4 ہوگئی ہے، جبکہ 8 ارکان پہلے ہی پارٹی سے ناراض چلے آرہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق نواز لیگ میں بغاوت کا سلسلہ تیز ہوگیا ہے، اور نوازشریف کی جانب سے پاک فوج کیخلاف محاذ کھولنے پر لیگی ارکان کی بڑی تعداد نجی محفلوں میں ناراضگی کا اظہار کررہی ہے، جبکہ 4 ارکان کھل کر سامنے آگئے ہیں، ان ارکان نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات کرکے پارٹی قیادت کو بغاوت کا پیغام پہنچادیا ہے، منگل کے روز جن 4 لیگی ارکان نے وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کی، ان میں میاں جلیل احمد شرقپوری کے ساتھ چوہدری اشرف علی، محمدغیاث الدین اور محمد فیصل خان نیازی شامل تھے۔

ن لیگ کے ارکان اسمبلی نے عثمان بزدر کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا، منتخب نمائندوں نے وزیراعلیٰ کو حلقوں اور علاقے کے مسائل سے آگاہ کیا، عثمان بزدار نے اراکین اسمبلی کو مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ میرے دروازے سب کے لیے کھلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوٹ مار کا دور کبھی واپس نہیں آئے گا، شور مچانے والے عناصر پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں، نئے پاکستان میں کرپشن اور کرپٹ عناصر کی کوئی گنجائش نہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.