اوورسیز پاکستانیوں کیلئے کرونا ٹیسٹ کی شرط ختم کی جائے، پی کے آئی فاؤنڈیشن

0

بلوونیا:پاکستان کشمیر فاونڈیشن اٹلی کے سرپرست اعلی چوہدری شہزاد ساہی نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اوورسیز پاکستانیوں کے لیے کورونا ٹیسٹ لازمی کروانے کا فیصلہ فوری واپس لے، قونصل جنرل میلان ڈاکٹر منظور احمد چوہدری سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کیا اور انہیں کمیونٹی کی تشویش سے آگاہ کیا۔

جس پرڈاکٹر منظور احمد چوہدری نے یقین دہانی کروائی کہ وہ اس معاملے پراعلی حکام سے بات کریں گے۔ چوہدری شہزاد ساہی نےکہا کہ اوورسیز پاکستانی کسی ناگہانی صورتحال میں اپنے وطن میں ایمرجنسی کی صورت میں بھی سفر کرتے ہیں اور اس طرح انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ انہوں نے سفیر پاکستان برائے اٹلی جوہر سلیم اور میلان قونصلیٹ اٹلی میں تعینات قونصل جنرل ڈاکٹر منظور احمد چوہدری سے مطالبہ کیا کہ یورپ سمیت دنیا بھر کے ایئرپورٹس پر جدید آلات نصب ہیں جن سے بخار سمیت کورونا کی تمام علامات کو سفر سے قبل باقاعدگی سے چیک کیا جاتا ہے اور سفارتی عملہ اس سے بخوبی آگاہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ سفارتی مشن حکومت پاکستان کو اوورسیز پاکستانیوں کی مشکلات سے آگاہ کرے اور کورونا کے لازمی ٹیسٹ کی شرط کو فوری ختم کیا جائے، ان کاکہنا تھا کہ یورپی ملک میں کورونا ٹیسٹ انتہائی مہنگا ہے اور مزدور طبقے پر مزیدبوجھ نہ ڈالا جائے۔

چوہدری شہزادساہی نے کہا کہ کورونا کی وباء کے باعث پہلے ہی فیملیز کو معاشی حالات کی خرابی کا سامنا ہے اور ایسی صورتحال میں کورونا ٹیسٹ خصوصافیملیز کےلیے جن پر پہلے ہی ٹکٹوں کی خریداری کا بوجھ ہوتا ہے ان کے مزید مشکلات بڑھائے گا۔ پاکستان کشمیر فاونڈیشن اٹلی حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتی ہے کہ اس فیصلے کو فوری طور پر واپس لیا جائے ۔

واضح رہے کہ پاکستان حکومت کی جانب سے کئی ممالک کے لیے نئی سفری پابندی  عائد کی ہے جن میں کورونا ٹیسٹ لازمی قرار دیا ہے اور اس کا اطلاق 5 اکتوبر سے ہوگا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.