سیاست نہیں لیکن منتخب حکومت کے ساتھ ہیں، فوجی قیادت کا واضح پیغام

0

راولپنڈی:فوجی قیادت نےکہاکہ سیاست سے ان کا کوئی تعلق نہیں، تاہم وہ منتخب حکومت کے ساتھ ہیں، جو بھی منتخب حکومت ہوگی، فوج اس کے ساتھ کھڑی ہوگی،دوسری طرف آرمی چیف جنرل باجوہ نے وزیراعظم عمران خان سے ملکی صورتحال پر اہم ملاقات کی، جس میں کچھ اہم کابینہ ارکان نے بھی شرکت کی۔

تفصیلات کے مطابق فوجی قیادت نے گزشتہ ہفتہ پارلیمانی رہنماؤں سے ملاقات کی تھی، جس کی تفصیلات سامنےآگئی ہیں، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید سے ملاقات کرنے والوں میں مسلم لیگ ن کی طرف سے شہباز شریف، خواجہ آصف اور احسن اقبال، پی پی پی کے بلاول اور شیری رحمن، جماعت اسلامی کے سراج الحق، پی ٹی آئی کی طرف سے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سمیت دو تین سینئر رہنما شامل تھے۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں پارلیمانی رہنماؤں نے نیب کے حوالے سے خدشات کا اظہار کیا جس پر عسکری قیادت نے کہا کہ اس میں ہمارا کوئی کردار نہیں۔

عسکری قیادت نے واضح کیا کہ فوج کاملک میں کسی بھی سیاسی عمل سے براہ راست یا بالواسطہ تعلق نہیں، تاہم ضرورت پڑنے پر فوج ہمیشہ سول انتظامیہ کی مدد کرتی رہے گی، ملک کی سلامتی اور جمہوریت عزیز ہے، جو بھی منتخب حکومت ہوگی ہم اس کے ساتھ کھڑے ہوں گے، عسکری قیادت نے واضح کیا کہ الیکشن  اصلاحات، نیب اور  سیاسی معاملات میں فوج کا کوئی عمل دخل نہیں، یہ کام سیاسی قیادت نے خود کرنا ہے۔ سیاسی معاملات میں فوج  کو نہ گھسیٹا جائے، ملاقات میں گلگت بلتستان کو نیا صوبہ بنانے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا۔

وزیراعظم آرمی چیف ملاقات

وزیر اعظم عمران خان سے پیر کو آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملاقات کی، جس میں ملک کی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیراعظم اور جنرل باجوہ کے درمیان پہلے علیحدگی میں ملاقات ہوئی، اور بعد میں کچھ اہم وزرا بھی اس میں شریک  کئے گئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں ملک کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت پر بھی وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.