کویت سٹی: کویت میں لچر پن پاکستانی اداکار کو مہنگا پڑگیا، عدالت نے 2 برس قید کی سزا سنادی، اس کے علاوہ اس پر ایک ہزار دینار جرمانہ اور کویت سے بے دخلی کی سزا بھی سنائی گئی ہے، اداکار پرغیر اخلاقی ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جاری کرنے کا الزام تھا۔
تفصیلات کےمطابق پاکستان میں تو اداکار لچرپن کا مظاہرہ کرنے کے باوجود قانونی موشگافیوں کی وجہ سے بچ جاتے ہیں، لیکن بیرون ملک اس حوالے سے سخت قوانین موجود ہیں، اور یہی کچھ پاکستانی فنکار فرحان علی کے ساتھ ہوا ہے، فرحان علی جو کویت کی متعدد ڈراموں اور اسٹیج شوز میں کام کرچکے ہیں، ان پر اپنی غیر اخلاقی ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جاری کرنے کا الزام تھا۔
کویتی میڈیا کے مطابق پاکستانی فنکار کی اس سال جون میں برہنہ ویڈیو سامنے آئی تھی، جس کے بعد فرحان نے دعویٰ کیا تھا کہ اس کا اکاؤنٹ ہیک کیا گیا ہے، تاہم وہ اس کا ثبوت فراہم کرنے میں ناکام رہے، جس پر کویتی عدالت نے فرحان علی کو دو برس قید، ایک ہزار کویتی دینار جرمانہ اور ملک سے بے دخلی کی سزا کا حکم سنایا ہے۔