اٹلی میں کرونا کیسز میں معمولی اضافہ ، ایمرجنسی میں توسیع کا فیصلہ

0

روم: اٹلی میں کرونا کے نئے کیسز میں معمولی اضافہ ہوا ہے ، جس پر طبی ماہرین نے تشویش کا اظہار کیا ہے ، دوسری طرف اطالوی حکومت نے کرونا ایمرجنسی میں مزید توسیع کا فیصلہ کرلیا ہے ، جس کا باضابطہ اعلان پیر کو متوقع ہے۔

ہنگامی حالت میں توسیع کے ذریعہ حکومت ماسک پہننے اور مناسب جسمانی فاصلہ رکھنے کی پابندی یقینی بنائے گی ، جبکہ اجتماعات پر بھی پابندی برقرار رکھی جائے گی۔

اطالوی حکام کا کہنا ہے کہ وہ وبا کے حوالے سے کوئی خطرہ مول لینے کو تیار نہیں ، اس لئے حفاظتی اقدامات پر عمل کے لئے اقدامات میں تساہل نہیں برتا جائے گا۔

دوسری طرف اٹلی میں کرونا کے 12 ہزار700 سے زائد مریض موجود ہیں، تاہم ملک میں سامنے آنے والے نئے کسیز میں معمولی اضافہ دیکھا گیا ہے ، جس کے بعد طبی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ لوگ محتاط رہیں۔

اطالوی وزارت صحت نے 27 جولائی سے 2 اگست تک جاری رہنے والے ہفتے کے جو اعداد وشمار جاری کئے ہیں، ان کے مطابق اٹلی میں ایک شخص سے دوسرے تک وبا کے پھیلاو کی شرح 0٫98 سے بڑھ کر ایک اعشاریہ ایک فیصد ہوگئی ہے۔

سسلی ریجن میں یہ شرح مزید بڑھ کر ایک اعشاریہ 62 فیصد ہے ، لمبارڈیا میں ایک اعشاریہ 4، لازیو میں ایک اعشاریہ 8 ہے ، طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ کسی بھی ملک سے کرونا کے مکمل خاتمے کے لئے یہ شرح ایک فیصد سے کم ہونا ضروری ہے ، لیکن اٹلی کے 20 ریجنز میں اس وقت یہ شرح اس سے زیادہ ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.