اٹلی پاکستان کا کن شعبوں میں بڑا پارٹنر بن گیا؟، پاکستانیوں کو امیگریشن زیادہ کیسے ملے گی؟

0

روم۔ اٹلی کے ساتھ پاکستان کے دوستانہ تعلقات کے نتیجے میں تجارت تیزی سے بڑھ رہی ہے اور اٹلی پاکستانی مصنوعات کے لئے بڑی منڈی بنتا جارہا ہے، گزشتہ برس پاکستان کی اٹلی سے تجارت پلس میں چلی گئی ہے، اور ملک کو 21 کروڑ ڈالر کا فائدہ ہوا ہے، اس کے علاوہ جون میں اٹلی سے پاکستانیوں کی بھیجی گئی ترسیلات میں بھی 77 فیصد کا ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا ہے۔

اٹلی میں امیگریشن کھلنےسے بھی پاکستانیوں کوبہت فائدہ ہوگا،سفارتخانہ امیگریشن کے لئے درکار دستاویزات کی برق رفتاری سے فراہمی کے لئے ہم وطنوں کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گا۔

یہ بات اٹلی میں پاکستانی سفیر جوہرسلیم نے میڈیا س گفتگو کرتے ہوئے کہی، انہوں نے بتایا کہ اٹلی اور پاکستان کے دوستانہ تعلقات تیزی سے مزید مضبوط ہورہے ہیں، اطالوی حکومت نے زراعت اور گھریلو ورکرز کو ریگولرائزکرنے کے لئے جس اسکیم کا اعلان کیا ہے، پاکستانیوں کو اس سے سب سے زیادہ فائدہ ہوگا، اور دستاویزات کے بغیر اٹلی میں مقیم پاکستانی بڑی تعداد میں ریگولرائز ہوجائیں گے، اس سلسلے میں سفارتخانہ بھی اپنا کردار ادا کررہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اٹلی اور پاکستان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھا رہے ہیں، اٹلی اس وقت پاکستان کو زیتون کے تیل کی پیداوار، دودھ اور مویشی بانی، چمڑے، ٹیکسٹائل، ماربل، پلاسٹک اور فوڈ پروسیسنگ کے شعبوں میں تکنیکی مدد فراہم کررہا ہے۔

سفیر پاکستان نے کہا کہ کرونا کے بحران کے باوجود اٹلی کی مارکیٹ میں پاکستانی مصنوعات نے جون میں ختم ہونے والے مالی سال کے دوران تیزی سے اپنا حصہ بڑھایا ہے۔

2019 میں اٹلی کے ساتھ تجارت میں ہمیں 16 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کے خسارے کا سامنا کرنا پڑا تھا، لیکن 2020 میں ہم 21 کروڑ ڈالر کے منافع میں چلے گئے ہیں، جو بڑی کامیابی ہے، اس دوران پاکستان نے اٹلی کو 73 کروڑ ڈالر کا سامان برآمد کیا جبکہ اٹلی سے ہماری درآمدات 52 کروڑ 10 لاکھ ڈالر رہیں ، انہوں نے بتایا کہ پاکستان سے اٹلی جوسامان برآمد کیا جارہا ہے، اس میں ٹیکسٹائل ،چمڑے کی مصنوعات، ایتھانول اور چاول قابل ذکر ہیں۔

جوہر سلیم کا کہنا تھا کہ اٹلی میں نہ صرف بڑی پاکستانی کمیونٹی مقیم ہے، بلکہ یہ پاکستانی مصنوعات کے لئے بھی نویں بڑی منڈی بن کر ابھرا ہے، انہوں نے کہا کہ اٹلی دنیا کی آٹھویں بڑی معیشت ہے، جس کی جی ڈی پی 2 کھرب ڈالر ہے، یورپی یونین میں جرمنی اور فرانس کے بعد اٹلی تیسری بڑی معیشت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اٹلی کو کرونا بحران کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور اس کی معیشت آئی ایم ایف کے اندازوں کے مطابق رواں برس 9 سے 11 فیصد سکڑ جائے گی ، تاہم امید ہے کہ ہمارا دوست ملک جلد ہی ان مسائل پر قابو پالے گا،

انہوں نے کہا کہ اٹلی نے گزشتہ ایک برس کے دوران پاکستان میں سرمایہ کاری میں بھی 45 فیصد اضافہ کیا ہے، جو 5 کروڑ 64 لاکھ ڈالر رہی ،اٹلی پاکستان میں توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ادویات سازی میں سرمایہ کاری کررہا ہے، سفارتخانہ اس سلسلے میں اطا لوی سرمایہ کاروں کو بھرپور معاونت فراہم کررہا ہے، 

سب سے زیادہ زرمبادلہ

سفیر پاکستان جوہرسلیم نے بتایا کہ یورپی یونین میں اٹلی سے پاکستان کو سب سے زیادہ زرمبادلہ حاصل ہوتا ہے،پاکستانی کمیونٹی نے مالی سال 2020 میں 29 فیصد زیادہ زرمبادلہ بھیجا ، جبکہ جون میں اضافے کی شرح 77 فیصد پہنچ گئی ، انہوں نے امید ظاہر کی کہ کرونا بحران کے بعد اب اٹلی میں کاروبار کھل گئے ہیں اورپاکستانی دوبارہ ملازمتوں پر جارہے ہیں ، جس کے نتیجے میں زرمبادلہ بھیجنے کی رفتار بڑھے گی ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.