تارکین وطن کو یونان سے اٹلی اسمگل کرنے والا گروہ پکڑا گیا 

0

ایتھنز: یونان میں پولیس نے انسا نی اسمگلروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے، اس گروہ کے باقی کارندوں کی تلاش کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

پولیس کے مطابق یہ گروہ تارکین وطن کو کشتیوں کے ذریعہ یونان سے اٹلی پہنچاتا تھا، گروہ میں 11 کارندے ہیں، اور 5 مفرور ملزمان کی تلاش جاری ہے، یونانی پولیس نے پہلا انسانی اسمگلر اٹلی کے قریب واقع اپنے جزیرے کو رفو سے اس وقت گرفتار کیا، جب وہ ایک کشتی کے ذریعہ 23 تارکین وطن کو اٹلی پہنچانے کی تیاری کررہا تھا۔

بعدازاں گرفتار ملزم اور تارکین وطن سے پوچھ گچھ کے بعد مزید گرفتاریاں دارالحکومت ایتھنز میں کی گئی ہیں، پولیس کا کہنا ہے کہ انسانی اسمگلرز کے اس گروہ نے 10 سے 15 میٹر لمبی 4 کشتیاں خرید رکھی تھیں، جن میں سے ہر ایک کشتی میں 15 تارکین وطن بٹھانے کی گنجائش تھی۔

یہ کشتیاں بلغاریہ کے ایک شہری کے نام پر فرضی رجسٹرڈ تھیں، یہ گروہ گزشتہ برس سے یہ کام کررہا تھا، اور ابتدائی طور پر انہوں نے اٹلی کے 3 سے زائد ٹرپس کا اعتراف کیا ہے ، جن کے ذریعہ تارکین وطن کو یونان سے اٹلی پہنچایا گیا۔

یہ گروہ اٹلی جانے کے خواہشمند تارکین وطن کو تین سے چار کے گروپ میں کورفو جزیرہ پہنچاتا تھا، تاکہ کسی کو شک نہ ہو، تارکین وطن سے 5 سے 6 ہزار یورو بٹورے جاتے تھے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.