ن لیگ کے پنجاب میں باغی ارکان کی تعداد 20 تک پہنچ گئی

0

لاہور: پنجاب میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو ہٹانے کا خوا ب دیکھنے والی ن لیگ کے اپنے ارکان ٹوٹنے کا سلسلہ تیز ہوگیا ہے، اور باغی ارکان نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی تعداد 20 تک پہنچ گئی ہے، اور جلد ہی مزید 10 سے 15 ارکان مزید ان کے ساتھ شامل ہونے جارہے ہیں۔

ذرائع کےمطابق تحریک انصاف نے بھی پہلی بار ن لیگ میں فاروڑبلاک بنوانے کے لئے سنجیدہ کوششیں شروع کی ہیں، اس حوالے سے دومختلف عشائیوں میں مسلم لیگ ن اورتحریک انصاف کے رہنماؤں نے شرکت کی ہے۔

ن لیگ کےباغی رہنما نشاط ڈاہا کی جانب سے ن لیگ کے باغی ار کان اسمبلی کے اعزاز میں ضیافت دی گئی، جس میں نشاط ڈاہا اورمولوی غیاث الدین سمیت 20 لیگی ارکان اسمبلی کی شرکت کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ ان میں سے نشاط ڈاہا اور اشرف انصاری کھل کر ن لیگ کیخلاف میدان میں آگئے ہیں۔

ناراض ن لیگی اراکین نےوزیراعلیٰ عثمان بزدار سے ملاقاتیں جاری رکھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے مزید ن لیگی ارکان کی حمایت کا دعویٰ کیا ہے، اس حوالے سے تحریک انصاف کے رہنما یونس انصاری نے دعویٰ کیا ہے کہ مسلم لیگ ن کے35 سے 40 ارکان ہم سے رابطے میں ہیں،ن لیگ کا فارورڈ بلاک بہت جلدسامنے آجائے گا۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے پارٹی میں فارورڈ بلاک کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہاہے کہ ن لیگ پہلے سے زیادہ متحد ہے۔ مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے فارورڈ بلاک کا دعوٰی ایک کروڑ نوکریوں اور 50 لاکھ مکانوں کی طرح کھوکھلا اور جھوٹا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.