اسلام آباد:پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا کے مزید 4 ہزار736 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں جس کے بعد صحت یاب ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر ایک لاکھ 29 ہزار 830 ہوگئی۔ ہفتہ سے اتوار کی صبح 8 بجے تک 3191 نئے کیس سامنے آئے جو گزشتہ روز کے 3387 کیسز کے مقابلے میں 196 کم تھے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی رپورٹ کے مطابق ملک میں ایکٹو کیس بھی 95 ہزار 570 سے کم ہوکر 93 ہزار 932 رہ گئے ہیں،البتہ اموات میں کچھ اضافہ دیکھا گیا اور 93 افراد 24 گھنٹوں میں دم توڑ گئے،جو اس سے ایک دن پہلے 68 تھے،اب تک کل 4 ہزار 712 اموات ہوئی ہیں،اور پاکستان کا شمار ان ممالک میں ہوتا ہے جہاں شرح اموات بہت کم ہے۔
پنجاب 1871 اموات کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ سندھ میں 1501 افراد اب تک اس سے لقمہ اجل بن چکے ہیں،آبادی کے حساب سے سندھ میں اموات کی شرح زیادہ ہے،اس طرح کے پی میں 1020،آزاد کشمیر35،گلگت بلتستان 28،بلوچستان123اور اسلام آباد میں 134 افراد اس وبا کی وجہ سے وفات پا چکے ہیں۔
ملک میں موجود 93 ہزار932 مریضوں میں سے صرف 5ہزار 130 اسپتالوں میں ہیں جبکہ باقی مستحکم حالت میں ہونے کی وجہ سے گھروں پر قرنطینہ ہیں۔ اسی طرح کرونا مریضوں کیلئے مختص 1525 وینٹی لیٹر ز میں سے صرف 467 پر مریض موجود ہیں اور باقی 1058 وینٹی لیٹر ز خالی ہیں۔