مائنس ون کی کوششوں میں مصروف ن لیگ کے اپنے ارکان مائنس ہوگئے

0

لاہور: مائنس ون کی کوششوں میں مصروف ن لیگ کے اپنے ارکان مائنس ہونے لگے، پنجاب اسمبلی کے 6 ارکان نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے ملاقات کی اور انہیں تعاون کا یقین دلایا، پیپلز پارٹی کا ایک رکن بھی  اپنی پارٹی سے انحراف کرنے والوں میں شامل ہوگیا، مسلم لیگ( ن)  نے باغی ارکان کیخلاف  کارروائی کا اعلان کیا ہے۔

ن لیگ کے ارکان  پنجاب اسمبلی میاں جلیل احمد شرقپوری، اشرف علی انصاری، نشاط احمد ڈاہا، مولانا غیاث الدین، اظہر عباس اور فیصل نیازی نے  وزیراعلی پنجاب سے ملاقات  کی ہے، ان کے ہمراہ پیپلزپارٹی کے غضنفر عباس لنگاہ بھی وزیراعلی سے ملنے گئے۔

مذکورہ اپوزیشن ارکان پہلے بھی وزیراعلی بزدار سے ملاقات کرچکے ہیں، جس پر ان اراکین کو ان کی پارٹی قیادت کی جانب سے شوکاز نوٹس بھی دئیے گئے تھے، لیکن ان ارکان نے ان کی پروا نہیں کی اور اب دوبارہ وزیراعلیٰ سے ملاقات کرکے انہیں تعاون کا یقین دلایا۔

دوسری جانب ترجمان مسلم لیگ ن پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ ہمارے 6  ارکان نے بغیر اجازت وزیراعلی پنجاب سے ملاقات کی، قیادت کو آگاہ کر دیا ہے اور کارروائی کی اجازت بھی مانگی گئی ہے،نشاط ڈاہا کو پہلے ہی  پارٹی سے معطل کیا جاچکا ہے ، وہ  ان ملاقاتوں سے قبل  اسمبلی رکنیت سے استعفیٰ دیں۔

باغی رکن نشاط ڈاہا کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ نے کسی کو ٹیلی فون نہیں کیا کہ میرے پاس آؤ، ان کے پاس ہم خود جاتے ہیں،ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب کو حلقے کے مسائل سے آگاہ کیا ،انہوں نے ان مسائل کو حل کرانے کا وعدہ کیا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.