’’را‘‘ نے اسٹاک ایکسچینج پر حملہ کیوں کروایا؟، عمارت کا چین سے کیا تعلق ہے؟

0

اسلام آباد: بھارتی خفیہ ایجنسی  ’’را‘‘ کی  پروردہ  کالعدم بلوچ لبریشن آرمی نے  کراچی میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج  کی عمارت  کو آخر کیوں نشانہ بنانے کا فیصلہ  کیا ؟، یہ سوال پیر کو ناکام حملے کے بعد اکثر زبانوں پر تھا، کچھ لوگ تو اس کا یہ جواب دیتے نظر آئے کہ اس طرح پاکستان  کو معاشی طور پر  نشانہ بنانا بھارت کے مقصود تھا ۔

معاملات سے جڑے ذرائع کہتے ہیں کہ حملے کیلئے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا انتخاب کرکے بھارت نے اصل میں چین کو بھی پیغام دینے کی کوشش کی ہے  کہ لداخ میں شکست کا بدلہ لینے کیلئے وہ پراکسی وار  کا استعمال کرسکتا ہے۔

ان ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے 40 فیصد شئیرز چینی کنسورشیم خرید چکا ہے، اور بھارتی خفیہ ایجنسی نے اسی لئے اپنے پالتو دہشت گردوں کو یہ ہدف دیا ہوگا، تاکہ پاکستان اورچین دونوں کو ایک ساتھ  پیغام دیا جاسکے، تاہم اللہ کے کرم سے یہ بھارتی سازش ناکام ہوگئی اور بہادر اہلکاروں نے چاروں دہشت گردوں کو کسی بڑے نقصان کے بغیر ہی ڈھیر کردیا۔

ذرائع نے یاد دلایا کہ اس سے قبل 23 نومبر 2018 کو بھی اسی تنظیم کے ذریعہ ‘‘را’’ نے کراچی میں چینی قونصلیٹ پر بھی حملہ کرایا تھا، ان دونوں حملوں میں نہ صرف ایک ہی تنظیم ملوث ہے، بلکہ طریقہ واردات بھی ایک جیسا ہے۔

اس حملے میں بھی کھرا بلوچستان سے ہوتا ہوا افغانستان اور ’’را‘‘ کے کیمپوں تک گیا تھا، اسی طرح اسٹاک ایکسچینج پر حملے میں سارے  شواہد بھارت کی طرف اشارہ کررہے ہیں، اس حوالے سے پاکستان نے دوست ملک چین کو بھی آگاہ کردیا ہے ۔

ذرائع کے مطابق دونوں ملکوں میں اس بات پر اتفاق ہے کہ اس حملے کا تعلق لداخ میں جاری  چین بھارت تنازعہ سے کسی نہ کسی طرح جڑا  ہوا ہے، اور لداخ میں جس طرح بھارتی فوج کو ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا ہے، اس سے پریشان ہوکر بھارتی خفیہ ایجنسی نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملہ کرایا، جہاں چین کی بھاری سرمایہ کاری  موجود ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.