اسٹاک ایکسچینج کو یرغمال بنانے کی کوشش ناکام، 4 دہشتگرد ہلاک

0

کراچی: دہشت گردوں کی جانب سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی عمارت پر حملے میں پولیس سب انسپکٹر سمیت 3 افراد شہید ہوگئے تاہم دہشتگردوں کی جانب سے اسٹاک ایکسچینج کی عمارت پر قبضہ کرکے لوگوں کو یرغمال بنانے کی کوشش ناکام بنادی گئی اور 4 دہشتگرد فورسز سے مقابلے میں مارے گئے۔

پولیس کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں اسٹاک ایکسچینج کا عملہ اور عمارت محفوظ رہی۔

دہشتگرد ممبئی طرز کے حملے کی غرض سے آئے تھے اور ان کا مقصد عمارت میں موجود افراد کو یرغمال بنانا تھا، جس کے بعد وہ ایسے مطالبات پیش کرتے جن سے پاکستان کو عالمی سطح پر شرمندگی کا سامنا کرنا پڑتا، ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے خودکش جیکٹیں، دستی بم اور بھاری اسلحہ برآمد ہوا ہے۔

سیکیورٹی فورسز نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ حملے میں را کا تربیت یافتہ بلوچ علیحدگی پسند گروہ ملوث ہوسکتا ہے، جن کا بھارتی خفیہ ایجنسی نے سندھی علیحدگی پسند گروہ شفیع برفت کے بعد، ایم کیو ایم لندن سے حال ہی میں اتحاد قائم کروایا ہے، یہ تینوں گروپوں کی مشترکہ کارروائی ہوسکتی ہے۔

حملے کے وقت کا انتخاب

دہشتگردوں نے حملے کے وقت کا انتخاب صبح 10 بجے کیا جب اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا وقت شروع ہوتا ہے، اس وقت لوگوں کی بڑی تعداد اسٹاک مارکیٹ آرہی ہوتی ہے۔

دہشتگردوں نے داخلی دروازے پر متعین پولیس اہلکاروں اور نجی سیکیورٹی گارڈز پر دستی بم پھینکا اور فائرنگ کرتے ہوئے عمارت کے اندر داخل ہونے کی کوشش کی، جس سے پولیس سب انسپکٹر شاہد ولد محمد عارف، سیکورٹی گارڈ افتخار ولد فضل واحد اور انق نامی شہری شہید ہوگئے جبکہ پولیس اہلکار سعید اکرم ولد محمد اکرم، شہزاد احمد ولد ناصر احمد، امتیاز علی ولد محمد نواز، سیکورٹی گارڈ وقاص ولد دلاور، شہری عاشق ولد محمد یوسف، خدا یار ولد شہریار، محمد عامر ولد عبدالغفار زخمی ہوگئے۔

فائرنگ کی آواز سنتے ہی قریب میں واقع پولیس ہیڈ آفس سے کمانڈوز سمیت اہلکاروں کی بڑی تعداد موقع پر پہنچ گئی اور چاروں حملہ آوروں کو وہیں ڈھیر کردیا۔

واقعہ کے بعد رینجرز اور پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور سرچ آپریشن شروع کردیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.