بیرون ملک جانے والوں کا بھی طبی معائنہ ہوگا، حکومت کی نئی پالیسی

0

اسلام آباد: بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں میں کرونا کے کیسز سامنے آنے پر حکومت نے  باہر جانے والوں کیلئے بھی ائرپورٹس پر  طبی معائنہ لازمی قرار دے دیا ہے ، یہ فیصلہ بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں میں کرونا کے کیس سامنے آنے کے بعد کیا گیا  ہے ۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف نے کہا کہ بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کے لیے اسکریننگ کے جس عمل کا استعمال کیا جاتا ہے، وہی طریقہ کار ملک سے باہر جانے والوں کے لیے بھی استعمال کیا جائے گا،اور ہفتہ کے دن سے نئی پالیسی پر عمل شروع کردیا جائے گا۔

معید یوسف نے اس تاثر کو مسترد  کیا کہ پاکستان سے جانے والے مسافروں کی بڑی تعداد وائرس کا شکار نکلی ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان سے بیرون ملک جانے والے مسافروں کے ٹیسٹ نہیں کیے جاتے لیکن ان کا درجہ حرارت اور علامات کو چیک کیا جاتا ہے، اگر کوئی شک ہوتا ہے تو محکمہ صحت کا عملہ مسافر سے  پوچھ گچھ کرتا ہے، انہیں سفر  سے روکا بھی جاتا ہے۔

انہوں نے بیرون ملک جانے والوں پر زور دیا کہ وہ صرف اسی صورت ایئرپورٹ جائیں، جب انہیں یقین ہو کہ وہ مکمل صحت مند ہیں۔ اسی طرح  جس ملک کا آپ سفر کررہے ہوں ،ان کی  پالیسی  کو بھی دیکھا جائے ، کہ  آپ ان کی شرائط پر پورا اترتے ہیں یا نہیں۔

کئی ملکوں  میں مسافروں کے لیے 14 دن قرنطینہ لازمی ہے، جبکہ کچھ ملک  ائر پورٹس پر  ٹیسٹ  کررہے ہیں ، اس لئے  ان سے پیشگی آگاہی ضروری ہے  ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.