اٹلی کے کورونا فری قصبے میں ایک یورو میں گھر کی ناقابل یقین پیشکش

0

روم:اٹلی کے صوبے  کلابریا میں “سینکووا فرونڈی” نامی قصبے کے مئیر نے ایک یورو میں گھر  فراہم  کرنے کی ناقابل یقین پیش کش کردی ہے،مذکورہ اطالوی گاؤں کورونا وائرس سےبھی پاک  ہے۔

تفصیلات کے مطابق آبادی میں کمی اور دیہات و قصبوں سے لوگوں کی بڑی تعداد کی  شہروں  میں نقل مکانی  کے باعث اٹلی کےدیہی علاقے خالی ہوتے جارہے ہیں،اور ان میں لوگوں کو واپس لانے کیلئےمقامی انتظامیہ مختلف ترغیبات دینے کا اعلان کرتی رہی ہے،لیکن  سینکووا فرونڈی  کے مئیر کی  پیشکش اب تک کی سب سے حیرت انگیزپیشکش قرار دی جارہی ہے ۔

مئیر  مائیکل کونیا کا کہنا ہے کہ انہیں امید ہےکہ ایک یورو میں گھر اور وہ بھی کورونا فری  گاؤں میں،یہ یقیننا ً لوگوں کی توجہ حاصل کرے گا اور وہ اپنے  قصبے کو پھر بھرپور طریقے سے  آباد کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے، جہاں زیادہ تر مکانات خالی پڑے ہیں۔

انہوں نےاپنی مہم کو ‘‘آپریشن بیوٹی’’  کانام دیا ہے،امریکی ٹی وی سے گفتگو میں مائیکل  نے کہا کہ میرا علاقہ بہت خوبصورت ہے،اس کےدواطراف 15 منٹ کی مسافت پر ساحل ہے،اسے قدرت نے بہت حسین بنایا ہے،نیشنل پارک  بھی موجود ہے،لیکن یہاں اکثر گھر خالی ہیں۔

اٹلی میں سینکو فرونڈی کی طرح اور بھی کئی دیہات اور قصبےخالی ہوتے جارہے ہیں اور انہیں آباد کرنے کیلئے وہاں کے مئیرز  ‘‘ون یورو پیکج’’  کے تحت گھر  دینے کی پیشکش کرتے ہیں،تاہم  وہ 5 ہزار یورو تک کی زرضمانت بھی  پیشگی لیتے ہیں،اور اگر ایک یورو میں گھر لینے والا اپنے گھر کو بحال اور اس کی تزئین و آرائش  2برسوں کے اندر نہ کرسکے،تو یہ زرضمانت ضبط کرلی جاتی ہے،لیکن  سینکو وافرونڈی کے مئیر نے ایسی  کوئی سخت شرائط اپنے پیکج کے ساتھ نہیں رکھیں۔

یہاں ایک یورو گھر لینے والوں کو کوئی زر ضمانت جمع نہیں کرانا ہوگا ،بلکہ گھر کی تزئین  و بحالی تک  صرف ڈھائی سو یورو سالانہ انشورنس فیس ادا کرنی ہوگی،انہوں نےگھروں کی بحالی کیلئے مدت بھی  دوسرے قصبوں سے زیادہ 3 برس رکھی ہے ،اور اس مدت میں گھر بحال کرنے میں ناکامی پر 20 ہزار یورو جرمانہ رکھا ہے۔

مئیر مائکل کونیا کا کہنا تھا کہ  ہمارے قصبے  میں گھر وں کا سائز بھی  چھوٹا اور عموماً40 سے 50اسکوائر میٹر  ہے ،اس لئے ان کی بحالی میں اخراجات بھی کم آئیں گے ،جو 10 ہزار سے 20 ہزار  یورو تک ہوسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ تاریخی گاؤں ہے ، بیشتر  گھروں میں بالکونیاں بھی موجود ہیں۔

واضح رہے کہ سینکووا فرونڈی قصبہ 7 سے 8 صدی قبل از مسیح میں   جب یونانی سلطنت  کا عروج تھا  ،  یونانی فوج کیلئے اہم اسٹریٹجک  پوائنٹ رہا ہے ، اس علاقے کو بعد میں  دوسری اقوام نے بھی فتح کیا اور یہی وجہ ہے کہ یہاں کے بزرگ بات چیت کے دوران اب بھی فرینچ اور ہسپانوی  جملے استعمال کرتے ہیں ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.