امریکی فوجی سربراہ اپنے کیے پر شرمندہ، قوم سے معافی مانگ لی

0

واشنگٹن: امریکی فوجی سربراہ جنرل مارک ملی نے وائٹ ہاوس کے باہر ہنگاموں کے دوران صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ہمراہ اندر چہل قدمی کرنے اور تصویر بنوانے پر امریکی قوم سے معافی مانگ لی ہے۔

نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں امریکی فوجی افسران سے  خطاب میں امریکی چئیرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف جنرل مارک ملی نے کہا کہ مجھے ایسے موقع پر وہاں نہیں ہونا چاہیئے تھا، اس  لمحے اور اس ماحول میں میری موجودگی سے یہ تاثر پیدا ہوا کہ امریکی فوج ملکی سیاست میں ملوث ہے، میں اس پر  معذرت کرتا ہوں۔

چئیرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف نے کہا کہ سینئر لیڈر جو کچھ بھی کرتے ہیں، اسے لوگ بہت غور سے دیکھتے ہیں، اور مجھے اس سے استثنیٰ حاصل نہیں ہے، جیسا کہ آپ نے دیکھا کہ  گزشتہ ہفتے میری اس تصویر (وائٹ ہاوس کے باہر ہنگاموں کے دوران ٹرمپ کے ساتھ) نے قومی سطح پر سول سوسائٹی میں فوج کے کردار پر بحث چھیڑدی۔

جنرل مارک ملی نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ مجھے وہاں نہیں ہونا چاہیئے تھا، ایسے موقع پر  میری وہاں موجودگی  سے یہ تاثر پیدا ہوا کہ امریکی فوج داخلی سیاست میں ملوث ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک باوردی افسر کی حیثیت سے یہ میری غلطی تھی، میں نے اس سے سیکھا ہے۔

جنرل مارک ملی نے فوجی افسران کو مخاطب کرتے ہوئے  کہا کہ مجھے امید ہے کہ آپ بھی اس سے سیکھیں گے، ہم قوم کی وردی پہنتے ہیں، ہم اپنی قوم میں سے ہیں، ہمیں فوج کے غیر سیاسی ہونے کے اصول کو  مقدم رکھنا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.