امریکہ:پاکستانی شہری کو قتل کے جرم میں ساٹھ برس قید

0

امریکی ریاست ورجینیا میں پاکستانی شہری چوہدری ارشد محمود کو بزنس مین عدیل ایم کا قتل کروانے کے جرم میں ساٹھ برس قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔

امریکی خبر رساں ادارے ” ریچمنڈ ٹائمز ڈیسپیچ ” کے مطابق ریاست ورجینا کی چیسٹر فیلڈ سرکٹ کورٹ نے اکسٹھ سالہ ملزم کو فرسٹ ڈگری قتل کے الزام میں یہ سزا سنائی ہے۔

ملزم پر الزام ہے کہ اس نے2015 میں کرائے کےقاتلوں کی خدمات حاصل کرتے ہوئے ایک ‘تاجر کو قتل’ کروایا تھا، مقتول کا اسی کے جوتوں کے تسموں سے گلہ گھونٹ دیا گیا تھا۔

وکلائے استغاثہ نے الزامات عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ملزم نے مبینہ طور پر گوئٹے مالا کے دو افراد کو چھ ہزار ڈالر ادا کیے تھے تاکہ وہ عدیل ایم کا قتل کر سکیں۔عدالت نے جرم ثابت ہونے پردونوں  غیر ملکی شہریوں کو قتل کے جرم میں 70،70 سال قید کی سزا سنائی تھی جو بعد ازاں کم ہوکر 38 سال رہ گئی۔

ملزم ارشدمحمود دوران تفتیش پاکستان فرار ہوگئے تھےاس لیےانہیں سزا نہ سنائی جاسکی تاہم وہ جب 2019 میں واپس ورجینیا پہنچے توانہیں لوکل ایجنٹس اور فیڈرل ایجنٹس نے گرفتار کیا۔

عدیل ایم نے ملزم کی اہلیہ کو اس وقت پناہ فراہم کی تھی، جب ان کے درمیان طلاق کا معاملہ چل رہا تھا۔

ملزم ارشد محمود نے تفتیشی حکام کو بتایا تھا کہ ان کی اہلیہ 70 ہزار ڈالر، 113 گرام سونا اور ضروری کاغذات لے کر روپوش ہو گئی تھی۔ ارشد محمود کو شک تھا کہ یہ تمام اشیاء مقتول عدیل ایم کی اہلیہ کے پاس رکھی گئی تھیں۔

مقدمے کی تفتیش کے دوران ملزم ارشد کا کہنا تھا کہ وہ بے گناہ ہیں اور انہوں نے شریک ملزمان کی خدمات صرف اس لیے حاصل کی تھیں تاکہ وہ مقتول کے ساتھ بات چیت کر سکیں اور ان کی اشیاء انہیں واپس مل سکیں تاہم  ملزمان نے انہیں قتل کردیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.