وزیراعظم نے مہنگائی روکنے سمیت 7 شعبوں کی خود نگرانی کا فیصلہ کرلیا

0

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے مہنگائی پر قابو پانے سمیت 7 شعبوں کی براہ راست نگرانی کا فیصلہ  کیا ہے، ان شعبوں پر ہر ہفتہ وزیراعظم خود متعلقہ حکام کے ساتھ اجلاس کیا کریں گے، اور بریفنگ لیں گے، انہوں نے ہدایات دیں کہ اشیاء کی قیمتوں پر کنٹرول کیلئے ہر ممکن اقدام کیا جائے۔

وزیراعظم  کی زیر صدارت ترجیحاتی شعبوں کا ہفتہ وار جائزہ اجلاس میں معاونِ خصوصی ڈاکٹر معید یوسف، متعلقہ وزارتوں کے سیکریٹریز اور اعلی افسران نے شرکت کی۔ چاروں چیف سیکریٹریز بھی وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔ اس موقع پروزیراعظم نے اشیائے خوردو نوش کی قیمتوں اور دستیابی پر نظر رکھنے کے لئے نیشنل سیکیورٹی ڈویژن کی طرف سے تیار کردہ آن لائن ایگری ڈیش بورڈ کی منظوری دی، جو پاکستان میں پہلی بار بنایا گیا ہے، ڈیش بورڈ ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کے سدباب کے لئے اہم کردار ادا کرے گا، اور حکومت کو قیمتوں  پر نظر رکھنے میں مدد ملے گی۔

وزیراعظم نے اس موقع پر واضح ہدایات دیں کہ آٹا، چینی اور دالوں جیسی اشیاء جو کسی بھی غریب گھرانے کیلئے انتہائی اہم ہیں، ان کی قیمتوں پر کنٹرول کیلئے ہر ممکن اقدام کیا جائے، وزیراعظم نے فیصلہ کیا کہ مہنگائی سمیت 7 شعبوں پر آئندہ وہ خود ہفتہ وار اجلاس کریں گے، ان شعبوں میں فوڈ سیکورٹی، زراعت،  برآمدات ، بیرونی سرمایہ کاری، بجلی، افرادی قوت اور  انفارمیشن ٹیکنالوجی شامل ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.