چینی فوجی پھر بھارتی علاقے میں داخل ہوگئے

0

لداخ: چینی فوج ایک بار پھر لداخ میں بھارتی علاقے میں داخل ہوگئی، چینی فوجی گھوم پھر کر آرام سے واپس بھی چلے گئے، تفصیلات کے مطابق لائن آف ایکچوئل کنٹرول پر بھارت کے ایک گاؤں میں چینی فوجیوں کے داخل ہونے کی اطلاعات ہیں۔ جرمن خبررساں ادارے کے مطابق لیہ سے تقریباً 135 کلو میٹر کے فاصلے پر نیوما علاقے میں واقع چانگ تھانگ نامی گاؤں میں چینی فوجی گاڑیوں میں سوار ہوکر آئے اور گاؤں کے لوگوں سے بات چیت کے بعد واپس چلے گئے۔

بھارتی میڈیا میں یہ خبر مذکورہ گاؤں سے وائرل ہونے والی ایک ویڈیو کے حوالے سے شائع کی گئی ہے ۔ وائرل ہوئی ویڈیو میں ایک بڑے میدانی علاقے میں کچھ  چینیوں کو سادہ وردی میں گاڑیوں سے اترتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، وہاں موجود افراد اور چینی فوجیوں کے درمیان مقامی زبان میں کافی دیر تک بات چیت کو بھی سنا جاسکتا ہے، بعد میں یہ افراد اپنی گاڑیوں میں سوار ہوکر واپس چلے گئے۔

اطلاعات کے مطابق وہاں پر بڑی تعداد میں مقامی چرواہے موجود تھے جنہوں نے فوجیوں کی آمد پر احتجاج کیا جس کے بعد چینی وہاں سے واپس ہوئے۔ خبروں کے مطابق مقامی لوگوں نے اس واقعے سے متعلق سرحد کی حفاظت کرنے والے بھارتی فورسز کو بھی اطلاع دی تھی۔

ڈی ڈبلیو  کے مطابق  اس سرحدی علاقے میں دونوں جانب سے بھاری تعداد میں فوجی تعینات ہیں اس کے باوجود اس طرح کی دراندازی سے ایسا لگتا ہے کہ بہت سے علاقے اب بھی یونہی بغیر فوج کے خالی پڑے ہیں۔ بھارتی حکومت نے ابھی تک اس پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.