اٹلی میں غیر ملکی بھی آبادی بڑھانے میں ناکام

0

روم: اٹلی میں غیر ملکیوں کی بڑی تعداد میں آمد کے باوجود  اٹلی میں موجود انسانوں کی تعداد کم ہوتی جارہی ہے، دوسری جانب گزشتہ 76 سال بعد رواں برس 2020 میں سب سے زیادہ افراد جان کی بازی ہارگئے، جو سال کے اختتام تک 7 لاکھ سے زائد ہوجائیں گی، اس میں اضافے کی بڑی وجہ کرونا کی وبا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اٹلی میں 1944 کے بعد پہلی بار سالانہ اموات 7 لاکھ سے تجاوز کرنے جارہی ہیں،  سرکاری ادارہ شماریات ISTAT کے صدر کارلو بلان گیرڈو کا کہنا ہے کہ ابھی سال ختم ہونے میں دو ہفتے باقی ہیں، تاہم یہ بات صاف نظر آرہی ہے کہ اس سال اموات 7 لاکھ سے بڑھ جائیں گی، یہ تشویشناک اعداد وشمار ہیں، کیوں کہ اس سے پہلے ہم نے 1944 میں اس طرح ہوتا دیکھا تھا، انہوں نے بتایا کہ گزشتہ برس 2019 میں اٹلی میں کل اموات 6 لاکھ 47 ہزار رہی تھیں۔

اسی طرح ادارہ نے 2019 کی آبادی کے اعداد وشمار بھی دئیے ہیں، اگرچہ اس وقت کرونا نہیں تھا، اور شرح اموات بھی کم تھی، پھر غیر ملکیوں کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے، لیکن اس کے باوجود 2019 میں بھی اٹلی میں آبادی کم ہونے کا سلسلہ جاری رہا، آبادی میں مزید ایک لاکھ 75 ہزار کی کمی آئی، اور یہ کم ہوکر 5 کروڑ 96 لاکھ 41 ہزار 488 رہ گئی تھی۔ دوسری طرف اٹلی میں اوسط عمر مزید بڑھی ہے، اور 2011 میں 43 برس کے مقابلے میں اب یہ 45 برس ہوگئی ہے۔ اسی طرح 65 برس اور اس سے زائد  کے بزرگوں اور 15 سال تک کے بچوں کی آبادی کے درمیان فرق بھی  مزید بڑھ گیا ہے ، جو اب 180 فیصد تک پہنچ گیا ہے۔

غیرملکیوں میں اضافہ

گزشتہ برس کے اعدادوشمار کے مطابق اٹلی میں غیرملکی اب 50 لاکھ سے تجاوز کرچکے ہیں، 2019 میں ان میں 43 ہزار 480 کا اضافہ ہوا تھا، جس کے بعد غیرملکیوں کی تعداد 5 لاکھ 39 ہزار 637 ہوگئی۔ گزشتہ 18 برسوں میں غیرملکیوں کی تعداد میں 37 لاکھ کا نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ صرف 2011 سے 2019 کے درمیان 8 برسوں میں 10 لاکھ غیرملکیوں کو اطالوی شہریت دی گئی، لیکن اس کے باوجود اس عرصے میں اٹلی کی آبادی 8 لاکھ کم ہوچکی ہے۔

خیال رہے کہ اٹلی کی آبادی میں تیزی سےکمی ہوتی جارہی ہے، اور مذہبی رہنماؤں نے بھی اس پر تشویش کا اظہار کیا ہے ، اورخبردارکیا ہے کہ اگر شرح پیدائش اسی طرح گرتی رہی تو اٹلی کا وجود خطرے میں پڑسکتاہے۔ شرح پیدائش میں کمی سے پریشان اٹلی کی حکومت نے چند ماہ قبل نیا قانون منظورکیا تھا، جس میں والدین کوزیادہ بچوں کی طرف راغب کرنے کے لئے مالی سمیت دیگر مراعات کا اعلان کیا گیا تھا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.