محمد عامر نے انٹرنیشنل کرکٹ چھوڑنے کا اعلان کردیا

0

لاہور: قومی کرکٹر محمد عامر نے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا اعلان کردیا ہے۔

قومی ٹیم کے کھلاڑی محمد عامرنے نجی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کی تصدیق کی،ان کا کہنا تھا کہ ’مجھے ذہنی اذیت دی جارہی ہے، موجودہ بورڈ مینجمنٹ میں کرکٹ نہیں کھیل سکتا، فی الحال اس مینجمنٹ کی وجہ سے کرکٹ چھوڑ رہا ہوں‘۔ محمد عامر نے کہا کہ دورہ نیوزی لینڈ کے لیے 35 کھلاڑیوں میں بھی شامل نہ کیے جانے پر مستقبل کا اندازہ ہوگیا کہ مجھے سائیڈ لائن کیا جارہا ہے، 2010 سے 2015 تک کرکٹ سے دوری کے عرصہ میں بہت سی ذہنی اذیت برداشت کی، اب مزید ہمت نہیں ہے، 5 سال پابندی کی سزا کاٹ کر آیا تھا، اس کے باوجود بار بار کہا جاتا ہے کہ پی سی بی نے مجھ پر بڑی سرمایہ کاری کی۔

انہوں نے کہا کہ مجھے صرف دو لوگوں نے سپورٹ کیا اور وہ سابق پی سی بی چیئرمین نجم سیٹھی اور شاہد آفریدی تھے جس پر دونوں کا شکرگزار ہوں‘۔

دوسری جانب محمد عامرکی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کی اطلاعات کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے محمد عامر سے رابطہ کیا، 29 سالہ فاسٹ بولرنے چیف ایگزیکٹو پی سی بی کو تصدیق کی ہے کہ وہ مزید بین الاقوامی کرکٹ کھیلنے کی خواہش نہیں رکھتے، لہٰذا آئندہ کسی بھی انٹرنیشنل میچ کے لیے ان کے نام پر غور نہ کیا جائے۔

پی سی بی چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ یہ محمد عامر کا ذاتی فیصلہ ہے اور پی سی بی اس کا احترام کرتا ہے، لہٰذا اس معاملے پرمزید کوئی تبصرہ نہیں کیا جائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.