قیامت‘‘ سے بچانے والے طیارے پر چور قیامت ڈھاگئے

0

ماسکو: روس میں قیامت کے دن Doomsday سے بچانے کیلئے بنائے گئے طیارے پر چور قیامت ڈھا کر چلے گئے، اور حکام کو کانوں کان خبر نہ ہوسکی، روسی صدر کے اس ہائی سیکورٹی خصوصی طیارے میں حساس پرزوں کی چوری سے کھلبلی مچ گئی ہے، اور چوروں کی تلاش کے لئے تمام ادارے متحرک ہوگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق روسی صدر کو ایٹمی جنگ کے دوران محفوظ رکھنے کے لیے بنائے گئے طیارے ’ڈومز ڈے‘ میں چوری کی واردات ہوئی ہے اور چور اہم پرزے  لے اڑے ہیں۔ روسی اخبار ’’ماسکو ٹائمز‘‘ کے مطابق یہ واردات اس وقت ہوئی ہے، جب طیارہ مرمت کے لئے دارالحکومت ماسکو سے 11 ہزار کلو میٹر جنوب میں واقع شہر تا’نروگ میں موجود تھا۔ روسی حکام کا کہنا ہے کہ یہ واردات گزشتہ ہفتے طیارے کے کارگو والے حصے میں ہوئی ہے، اور وہاں نصب مواصلاتی نظام کے 39 پرزے غائب ہیں۔

طیارے کا ’’قیامت‘‘ سے تعلق

اس طیارے کو ’’ڈومز ڈے‘‘ کا طیارہ اس لئے کہا جاتا ہے، کیوں کہ یہ تیسری عالمی جنگ یا ایٹمی حملوں کی صورت میں روسی صدر سمیت اہم روسی شخصیات کو محفوظ رکھ سکتا ہے، اسے ایٹمی حملے سے محفوظ قلعے سے بھی تعبیر کیا جاتا  ہے،  نیٹو نے اس طیارے کو’’میکس ڈوم‘‘ کا نام دے رکھا ہے، اور دنیا میں اس قسم کے صرف 4 طیارے  ہیں، طیارے کی خاص بات یہ ہے کہ روسی صدر اس میں بیٹھ کر ایٹمی میزائل بھی فائر کرسکتے ہیں، یعنی یہ طیارہ خود تو ایٹمی حملے سے محفوظ رہتا ہے، لیکن یہ دوسروں پر ایٹمی حملے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

اس طیارے میں کوئی کھڑی نہیں ہوتی، اور صرف ایک دروازہ ہوتا ہے، جو خصوصی مواد کے ذریعہ مکمل طور پر اسے سیل کردیتا ہے۔ طیارہ کئی روز تک پرواز کی صلاحیت رکھتا ہے۔ روسی خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ سیکورٹی اداروں نے چوری کے شبہ میں 12 افراد کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کی ہے، جن میں ہیڈ آف آپریشن اور انجینئرز بھی شامل ہیں، ان مشتبہ افراد کے فنگر پرنٹ بھی لئے گئے ہیں، اور انہیں میچ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، اب تک تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ چوری سے کئی روز قبل طیارے کے اس حصے میں  ایک مشتبہ شخص دیکھا گیا تھا، جس نے عملے کو اپنا تعارف ریڈیو آپریٹر کی حیثیت سے کرایا تھا، تاہم اب تحقیقات میں پتہ چلا ہے کہ وہ مشتبہ شخص ریڈیو آپریٹر نہیں تھا، لیکن اب تک اس کا سراغ نہیں لگایا جاسکا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.