روم: اٹلی میں کرونا پابندیوں کی وجہ سے کاروبار ٹھپ ہونے پر پیٹرول پمپ مالکان بھی بہت پریشان ہیں، ان کا کہنا ہے کہ اخراجات پورا کرنا بھی ممکن نہیں رہا، امدادی پیکج پر حکومت سے بھی مذاکرات ناکام ہوگئے، جس کے بعد پیٹرول پمپ مالکان نے لمبی ہڑتال کا اعلان کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اٹلی میں کرونا کی پابندیوں کی وجہ سے دیگر کئی شعبوں کے ساتھ پیٹرول پمپوں کا کاروبار بھی ٹھپ ہوگیا ہے، اور ان کے مالکان کا کہنا ہے کہ ان کے لئے اخراجات پورا کرنا بھی ممکن نہیں رہا، پیٹرول پمپ مالکان کی تنظیم نے چھوٹے پمپوں کو حکومت کے کاروباری اداروں کے لئے اعلان کردہ پیکج میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا تھا، تاکہ انہیں بھی امداد مل سکے، تاہم اس معاملے پر حکومت سے ان کے مذاکرات ناکام ہوگئے، جس کے بعد ہڑتال کا اعلان کیا گیا ہے۔
پمپ مالکان کی تنظیم کا کہنا ہے کہ وہ پیر 14 دسمبر کی صبح سے پمپ بند کردیں گے، اور یہ ہڑتال جمعرات 17 دسمبر تک جاری رہے گی، اس دوران گاڑیوں کو تیل کی فراہمی بند رکھی جائے گی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل بھی نومبر میں پیٹرول پمپ مالکان کی جانب سے ہڑتال کی گئی تھی۔