اورنج لائن ٹرین: لیسکو نے پنجاب حکومت کو کروڑوں کا بل تھمادیا

0

لاہور: نئی چلنے والی اورنج لائن میٹرو ٹرین پہلے ماہ میں کروڑوں روپے کی بجلی پی گئی،  لیسکو نے اورنج لائن میٹرو ٹرین آپریشنل ہونے پر پنجاب حکومت کو بجلی کا پہلا بل جاری کردیا ہے، کمپنی نے نومبر میں استعمال ہونیوالی بجلی کا 7 کروڑ روپے کا بل بھجوا دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ڈیرہ گجراں سے علی ٹاؤن ٹھوکر نیاز بیگ تک چلنے والی اورنج لائن ٹرین آپریشنل ہونے کے بعد کروڑوں روپے کی بجلی پی گئی، لیسکو نے پنجاب حکومت کو کروڑوں کا بل بھجوادیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹرین انتظامیہ نے نومبر میں 7 کروڑ روپے مالیت کے 38 لاکھ یونٹ استعمال کئے، مذکورہ بل لیسکو کے سنگھ پورہ سرکٹ اور ملتان روڈ سرکٹ سے ریڈنگ کے بعد جاری کیا گیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ سنگھ پورہ سرکٹ سے تیرہ لاکھ یونٹس اور ملتان روڈ سرکٹ سے اکیس لاکھ یونٹس بجلی استعمال کی گئی۔

جبکہ رواں ماہ یکم دسمبر سے لیکر آج اورنج لائن ٹرین نومبر کے مقابلے میں کم بجلی استعمال کر رہی ہے جس کی وجہ موسم کی تبدیلی بتائی گئی ہے، اورنج لائن میٹرو ٹرین میں ایئر کنڈیشنڈ کا لوڈ کم ہونے پر کم بجلی استعمال ہوئی، مکمل لوڈ پر اورنج لائن میٹرو ٹرین کو چالیس لاکھ یونٹس کے قریب بجلی استعمال کرنا ہوگی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.