سعد رضوی پر سنگین الزامات، تحریک لبیک تقسیم ہونے کا خدشہ

0

لاہور: علامہ خادم حسین رضوی کے انتقال کے بعد تحریک لبیک کے دھڑوں میں تقسیم ہونے کا امکان پید ا ہوگیا ہے، پارٹی کے سینئیر رہنما نے مرحوم کے صاحبزادے پر سنگین الزامات لگاتے ہوئے ان کی قیادت کو چیلنج کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق علامہ خادم رضوی کے بعد تحریک لبیک کے سینئیر ترین رہنما سمجھے جانے والے پیر افضل قادری نے سعد حسین رضوی کی قیادت کو چیلنج کردیا ہے، گجرات سے تعلق رکھنے والے پیر افضل قادری کا ویڈیو کلپ سامنے آیا ہے ،جس میں وہ کارکنوں سے خطاب میں سعد حسین رضوی پر سنگین الزامات بھی لگارہے ہیں، پیر افضل کا کہنا ہے کہ سعد رضوی نشہ کرتے ہیں، اور ان کے مرحوم والد ان سے بھی دعا کراتے تھے کہ کسی طرح ان کا بیٹا نشہ چھوڑ دے۔

انہوں نے کہا کہ سعد حسین رضوی دینی لحاظ سے بھی تحریک لبیک کی قیادت کے اہل نہیں ہیں، سعدرضوی اپنے نام کے ساتھ حافظ لگاتے ہیں ، جبکہ حقیقت میں انہوں نے قران حفظ نہیں کیا ۔ اسی طرح سعد رضوی نے دینی تعلیم بھی مکمل نہیں کی ، وہ ذہنی طور پر بھی پختہ نہیں ہے۔

پیر افضل قادری کا کہنا تھا کہ تحریک لبیک کے قیام میں وہ اور مرحوم علامہ خادم رضوی برابر کے شریک تھے، ہم نے طے کیا تھاکہ اپنی جماعت میں موروثیت نہیں آنے دیں گے، ہماری جگہ ہمارے بچے نہیں لیں گے، بلکہ سینئیر رہنما اور علما کو اہلیت کی بنیاد پر چنا جائے گا، لیکن سعد رضوی نے والد کی جگہ قیادت سنبھال کر اس سمجھوتے کی بھی خلاف ورزی کی ہے، پیر افضل قادری نے کہا کہ انہوں نے تمام دھرنوں اور تحریکوں میں مرکزی کردار ادا کیا، اور میرے خلاف حکومتوں نے106 کیس بنائے۔

دوسری طرف تحریک لبیک کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پیر افضل قادری نے گزشتہ سال مئی میں پارٹی سے استعفیٰ دے دیا تھا، سعدرضوی کو مجلس شوریٰ نے مشاورت کے بعد قائد چنا ہے،اس طرح کی باتیں افسوسناک ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.