یورپ آنے والا تارکین کا بڑا جہاز ڈوب گیا

0

جنیوا: لیبیا سے یورپ کے لئے رخت سفر باندھنے والے تارکین وطن کو سمندر میں بڑا حادثہ پیش آگیا ہے، ساحل پر بڑی تعداد میں لاشیں مل گئی ہیں، جبکہ درجنوں لاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے، اس سال اب تک 900 سے زائد تارکین ڈوب چکے ہیں، جبکہ 11 ہزار تارکین کو لیبیا واپس لایا گیا۔

تفصیلات کے مطابق لیبیا سے ایک چھوٹے جہاز میں یورپ کے لئے روانہ ہونے والے تارکین وطن کے جہاز کو لیبیا کے علاقے خمس کے قریب سمندر میں بڑا حادثہ پیش آیا ہے، جہاز میں 120 سے زائد تارکین وطن سوار تھے، جن میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد بھی شامل ہے، فوری طور پر حادثہ کی وجوہات سامنے نہیں آسکیں، لیکن امکان ہے کہ جہاز اوورلوڈنگ اور خرابی کی وجہ سے ڈوبا ہے، عالمی ادارہ مہاجرین آئی او ایم کا کہنا ہے کہ حادثے میں کم از کم 74 تارکین ڈوب گئے ہیں، جن میں خواتین و بچے شامل ہیں، ان میں سے 31 کی لاشیں تلاش کرلی گئی ہیں، جبکہ لیبیا کی کوسٹ گارڈ اور ماہی گیر کشتیوں نے 47 افراد کو زندہ بچالیا ہے۔

بحیرہ روم میں پیش آنے والے اس حادثے کو اس سال پیش آنے والے بڑے  حادثات میں شمار کیا جارہا ہے، تنظیم کا کہنا ہے کہ اس بڑے حادثے کے علاوہ بھی گزشتہ دو روز کے دوران 19 تارکین ڈوبے ہیں، جن میں 2 بچے بھی شامل ہیں، جبکہ اوپن آرمز نامی این جی او کے جہاز نے 200 سے زائد لوگوں کو ریسکیو کیا ہے۔ عالمی ادارہ مہاجرین کے لیبیا میں سربراہ فیڈریکو سوڈا کا کہنا ہے کہ متعلقہ ممالک کی جانب سے مسئلہ کے حل میں عدم دلچسپی کے باعث بحیرہ روم میں جانی نقصان بڑھتا جارہا ہے، اس سال اب تک 900 سے زائد تارکین ڈوب چکے ہیں، اس کے علاوہ 11 ہزار تارکین کو لیبیا واپس لایا گیا، جہاں انہیں  حراستی مراکز میں رکھنے اور تشدد کے خطرے کا سامنا ہوتا ہے، عالمی ادارہ  مہاجرین پہلے ہی لیبیا کو تارکین کے لئے غیر محفوظ ملک قرار دے چکا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.