دوسرا ٹی ٹوئنٹی: پاکستان نے زمبابوے کو ہرا کر سیریز اپنے نام کرلی

0

راولپنڈی: پاکستان نے دوسرے  ٹی ٹوئنٹی میچ میں زمبابوے کو 8 وکٹ سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی، پاکستان نے 135 رنز کا ہدف 16ویں اوور کی پہلی گیند پر 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا، حیدر علی اور کپتان بابر اعظم نے نصف سنچریاں  اسکور کیں۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ٹی 20 میچ میں پاکستان نے زمبابوے کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو زمبابوے کی ٹیم  بیٹنگ میں خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھاسکی اور مقررہ 20 اوورز میں صرف 134 رنز ہی بناپائی اور قومی ٹیم کو جیت کے لیے 135 رنز کا ہدف دیا ہے، زمبابوے کی جانب سے برل اور ویسلے مدھیویرے ہی پاکستانی بولنگ کے سامنے کچھ مزاحمت کرسکے، دونوں نے بالترتیب 32 اور 24 رنز کی اننگز کھیلیں، پاکستان کی جانب سے حارث رؤف اور عثمان قادر نے 3 ، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ زمبابوے کے 135 رنز کے ہدف کے تعاقب میں گرین شرٹس کی جانب سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور کپتان بابر اعظم نے کیا تاہم فخر زمان 5 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، اس کے بعد کپتان کا ساتھ دینے کیلئے حیدر علی بیٹنگ کرنے کیلئے آئے، حیدر علی اور بابر اعظم نے ذمہ دارانہ کھیل پیش کیا اور دوسری وکٹ کی شراکت میں 100 رنز بناکر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا، بابر اور حیدر نے نصف سنچریاں بنائیں تاہم نصف سنچری بنانے کے فوری بعد کپتان بابر اعظم آؤٹ ہوگئے، پاکستان نے 15.1 اوور میں باآسانی 2 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا، اور یوں زمبابوے کو 8 وکٹوں سے شکست دی۔

پاکستان کی جانب سے حیدر علی 66 رنز بناکر ناقابل شکست رہے جبکہ کپتان بابر اعظم 51 رنز بناکر نمایاں رہے۔ گرین شرٹس نے 3 میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی،گزشتہ روزکھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو 6 وکٹوں سے شکست دی تھی جس کے بعد قومی ٹیم کو زمبابوے کے خلاف 1-0 کی برتری حاصل ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.