اوورسیز پاکستانیوں کیلئے گاڑیاں اور گفٹ بھیجنا آسان

0

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے گاڑیاں منگوانے میں حائل اہم رکاوٹ دور کردی ہے، جس  کے بعد کراچی بندرگاہ پر پھنسی سینکڑوں گاڑیاں بھی تیزی سے کلئیر ہوسکیں گی، دوسری جانب  کورئیر کے ذریعہ بھیجے گئے 5 ہزار تک کے سامان کو بھی ڈیوٹی سے استثنیٰ دے دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کے لئے گاڑیوں کی درآمد میں حائل ہوجانے والی اہم رکاوٹ دور کردی ہے، کلئیرنس کے لئے رقم بھیجنے والے کا انٹرنیشنل بینک اکاؤنٹ نمبر(آئی بی اے این) پیش کرنے کی شرط ختم کردی گئی، وزارت صنعت وتجارت نے اس حوالے سے ایف بی آر کو لیٹر بھیج دیا، جس کے بعد کسٹم سے گاڑیوں کی کلئیرنس شروع ہوجائے گی، آئی بی اے این کی شرط کے باعث جاپان، چین، امریکہ، کینیڈااور آسٹریلیا سمیت دنیا کے متعدد ممالک سے گاڑیاں  درآمد کرنا ممکن نہیں رہا تھا، کیوں کہ ان ممالک کے بینکوں میں آئی بی اے این کا نظام موجود نہیں، بالخصوص اوورسیز پاکستانی سب سے زیادہ جاپان سے گاڑیاں منگواتے ہیں، اور جاپان میں آئی بی اے این نظام نہ ہونے سے کراچی بندرگاہ پہنچنے والی سینکڑوں گاڑیاں بھی پھنس گئی تھیں، جو اب کلئیر ہوسکیں گی۔

بیرون ملک مقیم پاکستانی اب ذاتی استعمال، رہائش کی تبدیلی یا تحفے کی صورت میں بیرون ملک سے بھیجی گئی گاڑیاں  بیرون ملک موجود اکاؤنٹ نمبر اور مقامی بینکوں کا سرٹیفکیٹ پیش کرکے کلئیر کراسکیں گے، جس میں ڈیوٹی اور ٹیکس کی ادائیگی کیلئے آنے والے زرمبادلہ کی تصدیق  ہوگی۔دوسری طرف حکومت نے 5 ہزار مالیت تک کی اشیا بیرون ملک سے کورئیر سروس کے ذریعہ منگوانے پر ڈیوٹی فری کردی ہے، اور کورئیر کمپنیاں اس مالیت کی اشیا براہ راست بغیر ڈیوٹی ڈلیور کرسکیں گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.